Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

'تمام اداروں کے ساتھ حکومت کے بہترین تعلقات ہیں'

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ...
شائع 17 اکتوبر 2021 07:23pm

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ حکومت کے بہترین تعلقات ہیں۔

ملتان میں لوگوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکو مت کو حزب اختلاف سے کوئی خطرہ نہیں اور وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے حزب اختلاف کی جماعتوں سے کہا کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ حکومت کو گرانے کی انکی خواہش پوری نہیں ہوگی۔

معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مہنگائی حکومت کےلئے بہت بڑا چیلنج ہے اور حکومت عام آدمی پر اس کا بوجھ کم کرنے کےلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا کی وباء سے پوری عالمی معیشت متاثر ہوئی ہے ،یہی وجہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہوئی ہے۔

افغانستان کے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک میں امن و استحکام کا خواہاں ہے جو خطے میں امن کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کےلئے اپنی مصالحتی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا بعض طاقتیں افغانستان کو غیر مستحکم بنانے کی خواہاں ہیں لیکن اُنہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ افغانستان میں قیام امن علاقے کی ترقی و خوشحالی کےلئے بھی ناگزیر ہے۔

ریڈیو پاکستان

foreign minister

Shah Mehmood Qureshi

Multan

taliban govt