Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بروس لی کا ہم شکل افغان اداکار طالبان کے خوف سے دربدر

دنیا کے معروف ترین لیجنڈری مارشل آرٹس چیمپئن "بروس لی" کے ہم شکل...
شائع 12 اکتوبر 2021 08:43am

دنیا کے معروف ترین لیجنڈری مارشل آرٹس چیمپئن "بروس لی" کے ہم شکل افغان اداکار عباس علی زادہ طالبان سے جان بچانے کی کوشش میں در بدر ہیں اور کہیں بھی دو دن سے زیادہ قیام نہیں کرپا رہے۔

رپورٹ کے مطابق اٹھائیس سالہ افغان اداکار عباس علی زادہ مارشل آرٹس کے ماہر بروس لی سے بہت زیادہ مشابہت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے جنگی حالات ہی اس کی تربیت کرتے رہے ہیں۔ مارشل آرٹس ان کا شوق ہے اور وہ بروس لی سے بہت متاثر ہیں، وہ ان کو اپنا اس فن میں استاد بھی سمجھتے ہیں۔

عباس علی زادہ نے کہا کہ وہ ان دنوں بہت پریشان ہیں اور طالبان کے خوف کی وجہ سے کہیں بھی دو دن سے زائد قیام نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دو بیٹوں اور چار بھائیوں کے ہمراہ برطانیہ جانا چاہتے ہیں۔ وہ مارشل آرٹس پر مبنی فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ افغان اداکار عباس علی زادہ اپنی ایکسر سائز کے دوران بنائی گئی ویڈیوز آن لائن شیئر کرتے رہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ اگست میں طالبان کے آنے کے بعد سے اب تک اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے کچھ نہیں کرسکے۔

برطانیہ میں عباس علی زادہ کے ویزے کے لئے کوشاں مہتاب عزیز کا کہنا ہے کہ عباس علی زادہ مجھ پر اعتماد کرتا ہے اس میں مارشل آرٹس کا بہت ٹیلنٹ ہے اور وہ ہالی وڈ کی فلموں میں کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی کسی بات پر یقین کرنا مشکل ہے اور ایسے حالات میں عباس علی زادہ کو کسی بھی وقت مارا جاسکتا ہے۔ وہ ان دنوں طالبان کے خوف کی وجہ سے کہیں بھی دودن سے زیادہ نہیں رکتا۔

یادرہے کہ افغانی اداکار عباس علی زادہ بروس لی کے ہمشکل ہیں اور ان کا قد کاٹھ بھی بروس لی جیسا ہی ہے۔ افغان بروس لی ( عباس علی زادہ ) مارشل آرٹس کے چیمپئین بروس لی کے فین ہیں جو صرف 32 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے لیکن انہوں نے اپنے فن میں بے پناہ شہرت کمائی اور آج بھی ان کی فلموں کو مارشل آرٹس پر مبنی فلموں میں کلاسک کا درجہ دیا جاتا ہے۔

Taliban