Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نیوکلئیر آبدوز کے اہم راز فروخت کرنے والا امریکی جوڑا گرفتار

امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی...
شائع 11 اکتوبر 2021 03:00pm

امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے نیوکلئیر آبدوز کی معلومات فروخت کرنے کے الزام میں امریکی جوڑے کو حراست میں لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امریکی جوڑے نے کریپٹوکرنسی کے بدلے اہم معلومات کا تبادلہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے جوڑے کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آئی نے اٹامک انرجی ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت ویسٹ ورجینیا میں ایک ایسے امریکی میاں بیوی کو گرفتار کیا ہے جو ایف بی آئی کے خفیہ ایجنٹ کو ہی معلومات بیچ رہے تھے۔

تحقیقاتی اداروں نے امریکی بحریہ کے 42 سالہ جوہری انجینئر جوناتھن ٹوبی اور ان کی اہلیہ ڈیانا کو گذشتہ روز گرفتار کیا ہے، جوڑے نے ڈیٹا کے متعدد ایس ڈی کارڈ ایجنٹ کو بیچ دیئے تھے۔ جوناتھن اور ان کی اہلیہ نے ایک لاکھ ڈالرز کرپٹو کرنسی کے تبادلے میں یہ معلومات فروخت کی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے انجنیئر نے ایس ڈی کارڈز سینڈوچ اور چیونگم کے پیکٹس میں چھپا کر منتقل کئے۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ جوڑا یہ سمجھ رہا تھا کہ انہوں نے بیرون ملک یہ معلومات فروخت کی ہیں لیکن حقیقت میں معلومات خریدنے والا ایف بی آئی کا خفیہ ایجنٹ تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی جوڑے پر اٹامک انرجی ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ جوڑے کو 12 اکتوبر کو ویسٹ ورجینیا کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ امریکی حکام نے سازش کو ناکام بنانے کے لئے اداروں کی کارروائی کو سراہا۔

Nuclear Submarines

FBI