Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے ایک بار پھر این واٹمور کو آڑے ہاتھوں لیا

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے ایک بار...
شائع 08 اکتوبر 2021 09:15am

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے ایک بار پھر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ انگلش کرکٹ کی جگ ہنسائی کا سبب بنا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے سبکدوش ہونےوالے چیئرمین این واٹمور کو جاتے جاتے بھی تنقید کا سامنا ہے۔

این واٹمور نے جمعرات کو اپنے عہدے سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا، واٹمور کے کارناموں پر تبصرہ کرتے ہوئے مائیکل ایتھرٹن نے ایک کالم میں ان پر شدید تنقید کی۔

مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ واٹمور کے بارے میں اندازہ اس وقت ہی ہوگیا تھا جب انہوں نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سابق انگلش کپتان اور مایہ ناز براڈ کاسٹرمائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ جس طرح انگلینڈ نے وعدہ کیا، پھر وعدے سے مکرا، کوئی وجہ نہیں بتائی اور بے کار سی پریس ریلیز کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی گئی، اس سے انگلش کرکٹ کی جگ ہنسائی ہوئی۔

سابق کرکٹرکا مزیدکہنا تھا کہ اس ایک فیصلے نے انگلینڈ کو بیک وقت مغرور، دوہرا اور کمزور دکھادیا۔

مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ جب اس فیصلے پر سب نے تنقید اور احتجاج کیا تو مشیروں کی رائے پر ایک نام نہاد معافی کی کوشش کی گئی ، یہ معافی سے زیادہ مزید الجھن تھی جس نے کام اور خراب کیا۔

سابق انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان کے دورے کی منسوخی سے پی سی بی کو تو مالی نقصان ہوا مگر انگلش کرکٹ بورڈ کے وقار کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہےکہ 20 ستمبر کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔

london

former crickter

ECB

Ian Watmore