Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایون فیلڈ ریفرنس: مریم نواز کی متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں...
شائع 06 اکتوبر 2021 03:54pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں الزامات خارج کرنے کی متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے، عدالت نے تمام درخواستوں کو مرکزی درخواست کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی اپیلوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے کی۔

مریم نواز اپنے وکیل عرفان قادرکے ہمراہ پیش ہوئیں، مریم نواز اپنے وکیل کے ہمراہ روسٹرم پر آگئیں جس پر عدالت نے انہیں واپس بیٹھنے کا کہہ دیا۔

مریم نواز کے وکیل عرفان قادر نے نیب کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی درخواست کو مضحکہ خیز قرار دیا۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کوئی درخواست بھی دائر کی گئی ہے، کیارجسٹرار آفس سے کوئی اعتراضات بھی کئے گئے ہیں؟ جس پر عرفان قادر ایڈووکیٹ نے درخواست کی پیروی کرنے کا بتاتے ہوئے کہاکہ اعتراضات اٹھائے گئے لیکن گزشتہ روز سے ایک غلط فہمی پھیلائی گئی اس کو واضح کرنا چاہتا ہوں، ہماری ایجسیز دنیا کی بہترین ایجنسز ہیں، ہمارے ججز قابل احترام ہیں، ہماری آرمی فورسز دنیا کی بہترین فورسز ہیں، ہم کسی ایک ادارے کیخلاف نہیں، ایک شخص کیخلاف ہیں۔

عدالت نے آرمڈ فورسز اور خفیہ اداروں کے بارے میں عرفان قادر کو دلائل دینے سے روکتے ہوئے کہاکہ پہلے آپ کی درخواست پر دائر اعتراض کو دیکھتے ہیں۔

وکیل عرفان قادر نے نیب کی درخواست کو خارج کرنے کی استدعاکرتے ہوئے کہاکہ نیب کی 30 دنوں میں کیس مکمل کرنے کی درخواست غیر ضروری اور مذاق ہے، آپ نیب کی درخواست کا پیرا تھری پڑھیں، آپ کو ہنسی آئے گی، استدعا ہے کہ درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے۔

عدالت نے نیب کی روزانہ سماعت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے مریم نواز کی متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیئے ۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی مرکزی اپیلوں کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

IHC

Maryam Nawaz

اسلام آباد

Avenfield Reference