Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کا ‏پنڈورا لیکس تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی سیل قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا لیکس کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کا...
شائع 05 اکتوبر 2021 09:04am

وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا لیکس کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کا سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہوئی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پنڈورا لیکس کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

وفاقی وزراء اور اٹارنی جنرل پر مشتمل کمیٹی نے وزیراعظم کو ابتدائی رپورٹ پیش کی اور پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانی افراد سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانی شہریوں کے خلاف تحقیقات کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ کامیاب پاکستان پروگرام اور مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پنڈورا لیکس کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم معائنہ کمیشن کے تحت ایک اعلیٰ سطح کا سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو پنڈورا لیکس میں شامل تمام افراد سے جواب طلب کرے گا۔ تحقیقات کے بعد معائنہ کمیشن کا سیل حقائق قوم کے سامنے رکھے گا۔

وزیراعظم معائنہ کمیشن کے تحقیقاتی سیل کو ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کی معاونت حاصل ہوگی. معائنہ کمیشن کا سیل آف شور کمپنیوں کے سرمائے کی قانونی حیثیت کی تحقیقات کرے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پنڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے پاکستانیوں سے مکمل تحقیقات کی جائیں، قومی دولت ملک سے باہر لے جانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، تحریک انصاف کی حکومت بلاامتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے۔

دوسری جانب اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ‏وزیر اعظم عمران خان نے بڑا اقدام کیا ہے، سیل تحقیقاتی رپورٹ میں یہ تعین کرے گا کہ اگر پبلک آفس ہولڈر کا آف شور اثاثہ گوشواروں میں ظاہرنہیں تو کرپشن کا کیس نیب کو بھجوایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی صورت میں معاملہ ایف آئی اے کو بھجوایا جائے گا جو پبلک آفس ہولڈر نہیں ہو گا تو ٹیکس ایویژن (evasion) کا کیس ایف بی آر کے پاس جائے گا۔

pm imran khan

Pandora Papers