Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیا مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کا نام پنڈورا پیپرز میں شامل ہے؟

پاکستان کے حکومتی ٹی وی چینل "پی ٹی وی" اور ایک نجی چینل کی جانب ...
شائع 04 اکتوبر 2021 09:12am

پاکستان کے حکومتی ٹی وی چینل "پی ٹی وی" اور ایک نجی چینل کی جانب سے گزشتہ روز یہ خبر چلائی گئی تھی کہ مسلم لیگ (ن) کی صدر مریم نواز کے صاحبزادے کا نام پینڈورا پیپرز میں شامل ہے، تاہم صحافی عمر چیمہ نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔

خیال رہے کہ پنڈورا پیپرز کی تیاری میں دنیا بھر کے 600 صحافیوں نے حصہ لیا تھا، پاکستان کی جانب سے عمر چیمہ بھی اس تحقیق میں شامل تھے۔ مریم نواز نے ان جھوٹی خبروں پر شدید ردعمل دئیے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان جھوٹی خبروں پر معافی نہ مانگی تو وہ ان اداروں کو عدالت لے جائے گی۔

یہ خبر جیسے ہی منظر عام پر آئی حکومت سے وابستہ افراد نے اس پر تبصرے کرنے شروع کر دیئے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اس معاملے پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پانامہ کی طرح پنڈورا لیکس میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے وزیراعظم عمران خان کے مؤقف کو مزید تقویت ملے گی۔ ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پانامہ تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ، 'پانامہ پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، اب کہا جا رہا ہے کہ #ICIJ کی ایک اور تحقیق سامنے آ رہی ہے، @ImranKhanPTI نے امیر ملکوں پر زور دیا ہے کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔'

وفاقی وزیر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ شرجیل میمن اور اسحق ڈار کے بیٹے علی ڈار (جو نواز شریف کے داماد بھی ہیں) کی اپنی کوئی حیثیت نہیں، یہ نواز شریف اور زرداری کے پیسوں کے پہریدار ہیں، #PandoraLeaks سے نواز زرداری کرپشن کے مزید پرت سامنے آئے ہیں، قوم نے پہلے پانامہ اور اب پنڈورا میں ان کے چہروں سے نقاب اترتا دیکھا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ علی ڈار جو نواز شریف کے داماد ہیں کے نام آف شور کمپنی کے بعد اب نئی اطلاعات یہ ہیں کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نام پر بھی پانچ آف شور کمپنیاں ہیں، اس خاندان کو کتنا پیسہ چاہیے؟

انہوں نے کہا کہ آج پھر یہ ثابت ہوا ہے کہ زرداری اور نواز شریف کی کرپشن ان لمٹیڈ ہے۔ جب بھی دنیا میں کوئی بھی سکینڈل آتا ہے تو ان دونوں خاندانوں کے نام اس سے چمکتے ہوئے نکلتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پینڈورا پیپرز میں اصل نام تو نواز شریف کے داماد علی ڈار اور زرداری کے فرنٹ مین شرجیل میمن کا سامنے آیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے جو ٹویٹس کی وہ بڑی واضح ہیں کہ ہر شخص جس کا تعلق چاہے کسی بھی پارٹی سے ہے اس کو جواب دینا ہوگا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی اس خبر پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ کیا ایسے ہو سکتا ہے کسی چوری وغیرہ کی تحقیق ہو اور مریم باجی پیچھے رہ جائیں ؟ کبھی بھی نہیں !

تاہم صحافی عمر چیمہ نے جنید صفدر کا نام پینڈورا پیپرز میں شامل ہونے کی خبروں کی تردید کی تو ان صاحبان کی جانب سے کوئی بیان نہیں آیا اور نہ ہی ٹویٹس ڈیلیٹ کی گئیں۔ مریم نواز شریف نے جعلی خبریں چلانے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جنید صفدر بارے جھوٹی خبر چلانے پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ حکومت نے جنید صفدر کے خلاف جعلی خبر چلوائی جو غیر قانونی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی تحقیقاتی ادارے آئی سی آئی جے نے نئی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے جسے پینڈورا پیپرز کا نام دیا گیا ہے۔ ان تہلکہ خیز پیپرز میں 700 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں۔

fawad chaudhry

Maryam Nawaz

Junaid safdar

Pandora Papers