کامیڈی کے بادشاہ عمر شریف انتقال کرگئے
پاکستانی اسٹیج کے بے تاج بادشاہ اور کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے ہیں، وہ علاج کے لئے امریکا روانہ ہوئے تھے، طبیعت خراب ہونے پر عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
یاد رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچایا گیا تھا، جہاں معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کے علاج کے لیے جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں انتظامات کر رکھے تھے۔
عمر شریف کی امریکا منتقلی اور اہل خانہ کے ویزوں کے لیے بھی ڈاکٹر طارق شہاب نے ہی تگ و دو کی تھی، عمر شریف کو لینے کے لیے ائیر ایمبولینس پیر کی دوپہر منیلا سے پاکستان پہنچی تھی۔
انہیں لے جانے والی ایئر ایمبولینس نے مختلف ملکوں میں تین اسٹاپ اوور کرنے تھے جن میں سے پہلا اسٹاپ اوور کمپنی کے ہیڈ کوارٹر جرمنی کے نیورمبرگ ایئرپورٹ کا تھا۔ ایئر ایمبولینس طیارہ نیورمبرگ پہنچا تو تھکاوٹ اور ہلکے بخار کا کہہ کر عمر شریف کو مقامی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔ جس کے اگلے روز ایئر ایمبولینس میں نقص ظاہر کیا گیا۔
عمر شریف نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔
عمر شریف ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے اسٹیج و تھیٹر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامات میں پرفارمنس کی ہے۔
Comments are closed on this story.