لتا منگیشکر کا 20 سال قبل کھویا ہوا گانا سامنے آگیا
بھارتی گلوکارہ لتامنگیشکر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا بیس سال پرانا کھویا ہوا گیت "ٹھیک نہیں لگتا" مل گیا۔ جسے ان کی سالگرہ پر تھٖے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
بھارت کے معروف فلم ساز ویشال بھردواج نے بیس سال قبل اپنی فلم کے لئے ریکارڈ کرائے گیت کو ریلیز کردیا ہے۔ اس گیت کی شاعری گلزار نے کی تھی جبکہ اس کو لتا منگیشکر نے گایا تھا۔
ویشال بھردواج کا کہنا ہے کہ نوے کی دہائی کیسیٹ کا دور تھا اور ہر گیت کی ریکارڈنگ الگ الگ کیسٹ میں کی جاتی تھی۔ فلم کی تیاری کے دوران کئی گیت ریکارڈ کئے گئے تھے اور گیت "ٹھیک نہیں لگتا" کسی وجہ سے فلم میں شامل نہیں کیا جاسکا تھا، فلم ریلیز ہوگئی لیکن یہ گیت اس فلم میں شامل ہونے سے رہ گیا۔
فلمساز ویشال بھردواج نے بتایا کہ تین سال قبل مجھے ایک سٹوڈیو سے ٹیلی فون آیا کہ آپ کی فلم کا کوئی گیت کیسٹ میں ہے جو اچانک صفائی ستھرائی کے دوران ملا ہے وہ آپ وصول کرلیں۔
'میں سٹوڈیو پہنچا اور وہ کیسٹ دیکھی تو وہ کسی گیت کی اوریجنل ٹیپ تھی، میں نے اس کیسٹ کو فوری طورپر پلے کرنے کا کہا لیکن بیس سال سے بند کیسٹ نہیں چل سکی ۔ سٹوڈیو کے دوستوں کی مہربانی سے کسی نہ کسی طرح سے اس کیسٹ کو ایم پی تھری میں کنورٹ کیا گیا اور جب اس کو پلے کیا گیا تو اس کیسٹ سے لتا منگیشکر کی آواز سنائی دی۔'
فلمساز ویشال بھردواج نے بیس سال سے گم شدہ اس گیت کو اپنے میوزک لیبل "وی بی میوزک" بینر سے ریلیز کیا ہے۔
یاد رہے کہ بانوے سالہ بھارت کی مقبول اور سینئر ترین گلوکارہ لتا منگیشکر پچھلے کئی سال سے گلوکاری کو خیر باد کہہ چکی ہیں۔ لتا منگیشکر کئی ماہ کی علالت کی وجہ سے ان دنوں گھر سے بہت کم باہر نکلتی ہیں۔
دنیا بھر میں لتا منگیشکر کے مداح ان کی آوا زمیں بیس سال پرانا گیت سن کر خوب محظوظ ہورہے ہیں ۔
Comments are closed on this story.