Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

این سی او سی کا یکم اکتوبر سے 8 شہروں میں پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم...
شائع 29 ستمبر 2021 02:22pm

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم اکتوبر سے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت 8 شہروں میں پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

این سی اوسی نے ویکسی نیشن کی زیادہ شرح والےشہروں میں پابندیاں نرم کرنےکافیصلہ کرلیا،ان شہروں میں اسکردو، گلگت، مظفر آباد میرپور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں جبکہ یکم اکتوبرسے ویکسی نیشن نہ کرانےوالےشہریوں پرپابندیاں عائدکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتےہوئے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ویکسین کورونا سے نجات کا واحد حل ہے اور دنیا سمجھ چکی ہے کہ کورونا کا مقابلہ صرف ویکسین سے ممکن ہے، این سی او سی اجلاس میں بھی ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ 40 فیصد ویکسی نیشن والے شہروں میں پابندیاں نرم کی جائیں گی اور ان 8 شہروں کے علاوہ باقی شہروں میں پابندیاں 15 اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔

سربراہ این سی او سی کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر سے اسکردو،پشاور،کوئٹہ،اسلام آباد،راولپنڈی سمیت8شہروں میں بندشیں کم کی جارہی ہیں، ان شہروں میں انڈور اجتماعات میں 300 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی اور آوٹ ڈور اجتماعات میں 1000 لوگ شریک ہو سکیں گے، وہاں شادی کی تقریبات روزانہ ہوسکیں گی جبکہ وہاں کے مزارات، سنیما اور تمام ریسٹورنٹس مکمل طور پر کھولے جارہے ہیں۔

اسدعمرنے مزیدکہا کہ جن شہروں سے پابندیاں اٹھائی گئی ہیں وہاں ہفتے میں 7 دن ریسٹورنٹس کھلے رہیں گے، باقی شہروں میں ہفتے میں ایک دن کی چھٹی کی پالیسی برقرار رہے گی، یکم اکتوبر سے ویکسی نیٹڈ افراد فضائی سفر کرسکیں گےاور مسافروں کو کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔

وفاقی اسد عمر کا کہنا تھا کہ بندشوں کا فیصلہ وبا کا پھیلاؤ دیکھ کر کیا جاتا ہے، یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن کی بنیاد پر بندشیں لگیں گی، جو پابندیاں لگائی جارہی ہیں وہ ویکسین نہ لگوانے والوں کیلئے ہوں گی،یکم اکتوبر سے ہر شہر کی 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگوانا لازمی ہے۔

سربراہ این سی اوسی اسد عمرنے ایک بار پھر شہریوں سے ویکسی نیشن مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

ملک میں ویکسین اچھی مقدار میں موجود ہے،ڈاکٹر فیصلہ سلطان

اس موقع پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ملک میں ویکسین اچھی مقدار میں موجود ہے، اب ہماری اسٹریٹجی ویکسین پر منحصر ہے،12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسین بھی شروع کر دی ہے، چاہتے ہیں تعلیمی نظام بغیر رکاوٹ کے چلے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ویکسین سے متعلق کسی قسم کے پروپیگنڈا پر توجہ نہ دیں ،حاملہ خواتین کیلئے ویکسین ضروری اور محفوظ ہے، اس کے علاوہ بیماری سے مکمل بچاؤ کیلئے دوسری ڈوز لگوانا بہت اہم ہے۔

معاون خصوصی صحت کامزیدکہنا تھا کہ وائرس کی نت نئی اقسام آتی رہتی ہیں،ویکسین سے ہی پابندیوں سے نجات ملے گی، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں، پولیو مہم میں ٹیموں کے ساتھ تعاون بہت ضروری ہے، ڈینگی سے بچنے کیلئے صفائی کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔

8شہروں میں سینیما کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے،فوادچوہدری

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ کہا کہ ‏راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت 8شہروں میں سینیما کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ امید ہے لاہور اور کراچی کی انتظامیہ ویکسی نیشن ڈرائیو کو بڑھائے گی تاکہ اگلے 10دنوں میں ان شہروں کے سینیما بھی کھل سکیں۔

NCOC

asad umar

اسلام آباد

corona vaccination

Dr Faisal Sultan