'عالمی برادری افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرے'
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نےایک مرتبہ پھرعالمی برادری پرزوردیاہے کہ وہ افغانستان میں نئی حقیقت کاادراک کرےاورانسانی بحران سے بچنے کےلئے اس کے منجمد کئے گئے اثاثے بحال کرے۔
الجزیرہ ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویومیں وزیرخارجہ نے کہا افغانستان میں انسانی بحران کا خطرہ ہے اورضرورت مند افغان عوام تک مالی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے طریقہ کار وضع کیاجاسکتاہے۔
انہوں نےکہاجنگ زدہ ملک میں افراتفری اورانتشار کی صورتحال پیدا ہونےسے افغان پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد پاکستان،ایران اورتاجکستان کی جانب رخ کرسکتی ہے۔معاشی ابتری کی صورتحال دہشتگردوں کےلئے بھی سازگارہوسکتی ہے اوراس کے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کےلئے سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔
ایک سوال پرانہوں نےکہاافغانستان میں جب طالبان نےاقتدارسنبھالاتو غیریقینی کی صورتحال تھی تاہم طالبان کی جانب سے عام معافی کےاعلان کے بعد ملک میں خون ریزی اور خانہ جنگی کاخطرہ ٹل گیاہے۔
پاکستان کی طرف سے طالبان کی حکومت کو تسلیم کئےجانے سے متعلق وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم صورتحال کابغورجائزہ لے رہے ہیں اور مناسب وقت پریہ فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا پاکستان افغانستان کی موجودہ صورتحال میں بہتری لانے کےلئے ایک جامع حکمت عملی کاحامی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاطالبان نے واضح یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان سمیت کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیاجائے گا۔
Comments are closed on this story.