Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

روزانہ نہ نہانے والی بیوی کو طلاق

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں ایک عجیب واقعہ پیش ...
شائع 28 ستمبر 2021 04:00pm

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی کو روانہ نہ نہانے کی وجہ سے طلاق دیدی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق علی گڑھ کے رہائشی امان نامی شخص نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر روزانہ نہ نہانے کی بنیاد پر تین طلاقیں دے دیں۔

یہ معاملہ ویمن پروٹیکشن سیل میں شکایت کی صورت میں درج کروانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

ویمن پروٹیکشن سیل بھارت کا وہ ادارہ ہے جو شادی شدہ جوڑوں کو تعلقات بچانے کیلئے کاؤنسلنگ سیشن فراہم کرتا ہے۔

پروٹیکشن سیل کے ایک عہدیدار کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کے پاس ایک خاتون نے شکایت درج کرائی ہے کہ اس کے شوہر نے روزانہ نہ نہانے کا بہانہ بناکر اسے تین طلاقیں دے دی ہیں۔

عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ ہم جوڑے اور ان کے والدین کو ان کی شادی بچانے کے لیے مشاورت فراہم کر رہے ہیں، جبکہ خاتون نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہرکے ساتھ رہنا چاہتی ہے اور اپنی شادی کو بچا کر ہنسی خوشی زندگی گزارنا چاہتی ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ خاتون کی درخواست پر جب ان کے شوہر سے رابطہ کیا گیا تو شوہرکا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہتا ہے کیوں کہ وہ روزانہ نہیں نہاتی ہیں اور جب بھی ان سے نہانے کا کہا جائے تو وہ ان سے لڑنا شروع کردیتی ہے۔

پروٹیکشن سیل کے مطابق عہدیداوں کی جانب سے شوہر کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ معمولی نوعیت کا مسئلہ ہے جو کہ بغیر طلاق دیے بھی حل کیا جاسکتا ہے تاہم اس کے باوجود اگر ان کی علیحدگی ہو گئی تو یہ عمل بچے کی پرورش کو متاثر کرسکتا ہے۔

ویمن پروٹیکشن سیل کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ان دونوں کی شادی دو سال قبل ہوئی جبکہ ان کا ایک سال کا بیٹا بھی ہے۔

Divorce