Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارنب کے شو میں دعوت پر "پاکستانی کالم نگار" کا جواب وائرل

چند روز قبل اپنے ایک پروگرام میں پاکستانی خفیہ ایجنسی "آئی ایس...
شائع 23 ستمبر 2021 01:00pm

چند روز قبل اپنے ایک پروگرام میں پاکستانی خفیہ ایجنسی "آئی ایس آئی" سے متعلق ایک ٖغلط دعوے کے بعد تنقید کا نشانہ بننے والے بھارتی ٹیلی ویژن اینکر ارنب گوسوامی ایک مرتبہ پھر زیر بحث ہیں۔

پاکستانی کالم نگار ندیم فاروق پراچہ کو جب ارنب گوسوامی کے پروگرام میں شرکت کی دعوت ملی تو انہوں نے اس کی اطلاع سوشل میڈیا پر شئیر کی ساتھ ہی وہ جواب بھی شئیر کیا جو ندیم فاروق نے دعوت نامے کے جواب میں بھیجا۔

ٹویٹ کے ساتھ شیئر کیے گئے سکرین شاٹ کے مطابق "ری پبلک انڈیا کے سنجے" نامی فرد کی جانب سے دی گئی دعوت میں ندیم فاروق پراچہ کو "سارک میٹنگ ملتوی" ہونے کے معاملے پر گفتگو کے لیے مدعو کیا گیا۔

سنجے نامی فرد پروگرام کے لیے دعوت کا پس منظر بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ 'سارک میٹنگ اس لیے ملتوی ہوئی کہ رکن ممالک پاکستان کی اس تجویز پر متفق نہیں تھے کہ افغانستان سے طالبان کو اجازت دی جائے کہ وہ ملک کی نمائندگی کر سکیں۔'

جواب میں پاکستانی کالم نگار نے پروگرام میں شرکت سے انکار کیا تو ارنب گوسوامی کو اس کی وجہ قرار دیا اور لکھا، 'ہر گز نہیں، وہ ایک نفسیاتی انسان ہے اور اسی طرح چینل بھی۔ براہ کرم دوبارہ نہ پوچھیں ، شکریہ۔'

"پروگرام کی دعوت" اور اس میں شرکت سے پاکستانی کالم نگار کے انکار کی بات ٹویٹ کے ذریعے عام ہوئی تو اس پر تبصرہ کرنے والے متعدد افراد نے جہاں صورتحال کے مزاحیہ پہلو کو انجوائے کیا وہیں اپنے تبصروں میں دیگر پہلوؤں پر بھی گفتگو کی۔

ٹوئٹر پر تبصرہ کرنے والے ایک صارف نے "ندیم فاروق پراچہ" کے جواب پر قہقہہ لگاتے ہوئے لکھا، 'آپ کو مستقبل کی دعوت کے لیے دروازے اوپن رکھنے چاہیے تھے'۔

تو کچھ دیگر ان کے ردعمل اور الفاظ کے چناؤ کو "بہت اعلیٰ" کہے بغیر نہ رہ سکے۔

ارنب گوسوامی کے پروگرام کے لیے دعوت دیتے ہوئے سخت جواب سننے پر مجبور سنجے کا ذکر کرنے والے کچھ صارفین نے مستقبل کا نقشہ کھینچنا چاہا تو اس سے اظہار ہمدری بھی کیا۔

معاملے پر تبصرہ کرنے والے پاکستانی ٹویپس کی اکثریت نے جوابی انکار کو سراہا تو کچھ انڈینز بھی ایسے پروگرام میں شرکت نہ کرنے کے خیال کے حامی دکھائی دیے۔

ارنب گوسوامی کے شو میں "شرکت کی دعوت" پر ندیم فاروق پراچہ کا جواب ارنب گوسوامی کو پسند کرنے والے صارفین کو پسند نہ آیا تو ایسے افراد نے جہاں "پرائیویٹ گفتگو شیئر کرنے" کو نامناسب قرار دیا، وہیں انہیں تجویز دیتے رہے کہ پروگرام میں شریک ہونا چاہیے تھا۔

اس موقع پر کچھ پاکستانی ٹویپس بھی پروگرام میں شرکت کرنے کے خیال کے حامی دکھائی دیے تاہم انہوں نے ساتھ ہی یہ تجویز بھی دی کہ "گفتگو کے دوران آپ کو اپنے بیک گراؤنڈ میں سرینا ہوٹل کا پانچواں فلور" لکھ لینا چاہیے تھا۔

بھارتی اینکر ارنب گوسوامی اپنے جارحانہ انداز اور ٹیلی ویژن پروگرام کے موضوعات کی وجہ سے میڈیا پلیٹ فارمز پر دوسروں سے منفرد شناخت کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔

Arnab Goswami

Viral Tweet