Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

موت کے بعد فیس بک یا انسٹاگرام پروفائل کس طرح ڈیلیٹ کروایا جاسکتا ہے؟

کسی کا انتقال ہو جائے تو اس کی تجہیز و تدفین کے بعد ایک کام اور...
شائع 21 ستمبر 2021 04:00pm
سائنس

کسی کا انتقال ہو جائے تو اس کی تجہیز و تدفین کے بعد ایک کام اور مزید اہم ہو چکا ہے اور وہ اس شخص کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس سے متعلق ہے۔

فیس بک کی بات کریں تو آپ اپنے مر جانے والے رشتہ دار یا دوست کے اکاﺅنٹ کو نہ صرف بند کروا سکتے ہیں بلکہ اسے "یادگاری اکاﺅنٹ" میں تبدیل بھی کروا سکتے ہیں، جس پر لوگ اس مرجانے والے شخص کے لیے دعاﺅں اور نیک تمناﺅں پر مبنی پیغامات بھیج سکتے ہیں۔

اپنے کسی رشتہ دار یا دوست کی موت کے بعد اس کے فیس بک اکاﺅنٹ کو بند کرانے یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرانے کے لیے آپ کو ثابت کرنا ہو گا کہ آپ اس کے قریبی رشتہ دار یا مختار ہیں۔

اس کے ساتھ ہی آپ کو مرنے والے شخص کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ سکین کرکے فیس بک کو مہیا کرنا ہو گا۔ اگر آپ یہ چیزیں مہیا یا ثابت نہیں کر سکتے تو آپ پاور آف اٹارنی، برتھ سرٹیفکیٹ، وصیت نامہ، اسٹیٹ لیٹر بھی دے سکتے ہیں اور اس کی موت کو ثابت کرنے کے لیے اخبار میں اس کی موت کے اعلان پر مبنی اشتہار یا میموریل کارڈ دے سکتے ہیں۔

مذکورہ چیزیں مہیا کرنے اور پراسیس کو مکمل کرنے کے لیے آپ کو ذیل میں دئیے گئے لنک،

(https://web.facebook.com/help/contact/228813257197480?rdc=1&rdr) پر جانا ہو گا۔

اگر آپ اس کے اکاﺅنٹ کو میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اس لنک،

(https://web.facebook.com/help/contact/234739086860192?helpref=faqcontent&rdc=1&_rdr) پر جائیں۔

اگر آپ خود اپنی زندگی میں کسی ایک شخص کو اپنا مختار مقرر کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ آپ کے مرنے کے بعد آپ کا فیس بک اکاﺅنٹ بند کرا سکے یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرا سکے تو اس کے لیے اپنے اکاﺅنٹ کے سیٹنگز اینڈ پرائیویسی کے آپشن میں جائیں اور وہاں سے "میموریلائزیشن سیٹنگز" میں جا کر اپنے اس دوست کا نام ٹائپ کرکے "ایڈ" کر دیں۔

اب آپ کا یہ دوست آپ کا "لیگیسی کونٹیکٹ" (Legacy contact) بن جائے گا جو باآسانی آپ کے اکاﺅنٹ کو بند کرا سکے گا یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرا سکے گا۔

انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاﺅنٹس کو بھی آپ اسی طرح بند کرا سکتے ہیں یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرا سکتے ہیں۔ انسٹاگرام پر اس پراسیس کے لیے اس لنک (https://help.instagram.com/contact/452224988254813) پر جائیں۔

ٹوئٹر پر یہ پروسیجر کچھ مختلف ہے۔ اس پلیٹ فارم پر آپ کو پیشگی فارم کی بجائے اس لنک (https://help.twitter.com/en/forms/privacy) پر جا کر مدد کی درخواست کرنی ہو گی، جس پر ٹوئٹر کا نمائندہ آپ سے رابطہ کرے گا اور آپ سے آپ کے متعلق اور مرنے والے شخص کے متعلق تصدیقی دستاویزات اور معلومات مانگے گا۔

ان میں آپ کے آئی ڈی کارڈ کی نقل اور مرنے والے شخص کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی کاپی شامل ہوں گی۔ اس کے بعد اس شخص کا اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

فیس بک

Instagram