مجھے بیڈمنٹن ریکٹ اور برتنوں سے مار پڑتی تھی، کاجول کا انکشاف
بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ کاجول کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ بغیر کسی ڈر خوف کے بول جاتی ہیں چاہے وہ کیریئر کے بارے میں ہو یا نجی زندگی کے بارے میں۔
وہ اس حد تک صاف گو ہیں کہ اس عادت کے باعث انہیں مشکلات کا بھی سامنا رہا ہے۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق حال ہی میں اداکارہ کاجول نے اپنی والدہ کی سخت تربیت کے بارے میں انکشاف کیا ہے کہ وہ انہیں بیڈمنٹن کے ریکٹ سے مارا کرتی تھیں۔
کاجول کا کہنا ہے کہ ان کی 13ویں سالگرہ پر والدہ نے کہا تھا، ’میں دوبارہ تم پر ہاتھ نہیں اٹھاؤں گی تاہم اگر تمہیں درست کرنا پڑا تو میں کروں گی۔ لیکن میں تمہیں کبھی بچے کی طرح محسوس نہیں ہونے دوں گی، آج تم نو عمر اور بالغ ہو۔ اور اس دن کے بعد سے میں نے اپنے ایکشنز کی ذمہ داری لی۔‘
انہوں نے بتایا کہ والدہ کی طبیعت سخت تھی اسی لیے انہوں نے عادتیں بھی خراب نہیں ہونے دیں۔
’مجھے بیڈمنٹن ریکٹس اور برتنوں سے مار پڑتی، مجھ پر کئی چیزیں پھینکی گئیں۔‘
کاجول کے مطابق تربیت کے حوالے سے ان کے والد نے کبھی مداخلت نہیں کی اور وہ کہتے کہ ’جو کچھ تمہاری والدہ کہتی ہیں وہی تمہارے لیے صحیح ہے اور میں اس پر بحث نہیں کروں گا۔‘
والدین کی علیحدگی کے حوالے سے بولی وڈ اداکارہ نے کہا کہ اگر میں یاد کروں تو وہ دو مختلف لوگ تھے جو پہلے ہی علیحدہ ہو چکے تھے۔
کاجول کا کہنا ہے کہ ایک ٹوٹے ہوئے گھر کا اثر ان پر نہیں ہوا۔ ’اس نے مجھے یہ احساس دلایا کہ والدین کی بھی انفرادی شخصیات ہوتی ہیں۔ وہ بھی اپنی ذات اور خصوصیات میں الگ شخصیت ہوتے ہیں۔ آپ ان سے باقی زندگی صرف والدہ اور والد رہنے کی توقع نہیں کر سکتے۔ ان دو لوگوں کے بارے میں آپ کو نئے سرے سے جاننا ہوگا۔‘
بورڈنگ سکول کے بارے میں اداکارہ کاجول نے کہا کہ وہ بورڈنگ سکول کے پہلے سال گھر کو یاد کرتی رہیں جبکہ دوسرے سال انہوں نے بورڈنگ سکول سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن ان کو سکول واپس لایا گیا۔
Comments are closed on this story.