Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ورلڈکپ ذہن میں ہے لیکن فی الحال نیوزی لینڈ کیخلاف سیریزاہم ہے، بابراعظم

راولپنڈی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہےکہ ...
شائع 16 ستمبر 2021 02:12pm

راولپنڈی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہےکہ ورلڈکپ ضرورذہن میں ہے لیکن فی الحال نیوزی لینڈ کیخلاف سیریزاہم ہے، باتوں سے کہیں ایسا نہیں لگا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کپتان تبدیل کرنا چاہ رہے ہیں۔

راولپنڈی میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں عموماً بیٹنگ کنڈیشنز ہوتی ہیں، کوشش ہو گی کہ نیوزی لینڈ کیخلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹی 20ورلڈکپ کو مدِنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کیخلاف 3 اسپنرز کو کھلانے کا پلان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ عبداللہ شفیق بہت اسٹائلش کھلاڑی ہیں، ان کی پرفارمنس میں بھی بہتری نظر آ رہی ہے، اوپنرز پرفارمنس دے رہے ہیں اس لیے عبداللہ کو چانس نہیں مل رہا۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے مزید کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں عبداللہ شفیق ایک بہترین بیٹسمین بنیں گے۔

بابراعظم کا کہنا تھا مجھے نہیں لگتا کہ چیئرمین رمیز راجہ مجھے یا ٹیم کو سپورٹ نہیں کر رہے، باتوں سے کہیں ایسا نہیں لگا کہ رمیز راجہ کپتان تبدیل کرنا چاہ رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان کا مزیدکہنا تھا میں نے اور شاداب خان نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے، نئی حکمت عملی اپنانے میں تھوڑا سا وقت ضرور لگتا ہے۔

babar azam

pak vs nz

Pakistan Cricket Team

T20 World Cup