Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈنمارک کے جزائر میں 1400 سے زائد ڈولفنز ذبح کردی گئیں

ڈنمارک کے فیرو جزائر میں ہفتے کی رات کو ایک روایتی شکار کے حصے کے...
شائع 15 ستمبر 2021 11:59am

ڈنمارک کے فیرو جزائر میں ہفتے کی رات کو ایک روایتی شکار کے حصے کے طور پر ایک ہزار سے زائد ڈولفنز کو ذبح کیے جانے پر جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ’شکار کے دوران تقریباً 15 سو اٹلانٹک سفید چہرے والی ڈولفنز کو چاقوؤں اور برچھیوں سے مارا گیا۔ اس عمل کو ڈنمارک کے جزیروں کے رہائشی ’ "گرینڈادراپ" کہتے ہیں۔

سی شیفرڈ کیمپین گروپ نے سینکڑوں ڈولفنز کی فوٹیج شیئر کی جو ساحل پر مردہ حالت میں پڑی ہیں اور ان کے زخموں سے رسنے والے خون سے سمندر سرخ ہو رہا ہے۔

ویڈیو میں ایسے لوگوں کو بھی دکھایا گیا ہے جو کم گہرے پانی میں پھنسی نیم مردہ ڈولفنز کو روکنے اور مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سی شیفرڈ کیمپین گروپ نے فیس بک پر لکھا کہ ’کل فیرو جزائر نے فیروز کی تاریخ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ذبح کیا۔‘

مقامی لوگوں کو اس قسم کے تمام شکاروں کو روکنے کا مطالبہ کرنے میں کیا چیز مانع ہے؟

بہت سے دیگر لوگوں نے بھی اس عمل سے اپنی بیزاری کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

آن لائن کیمپین کرنے والے گروپ بلیو پلینیٹ سوسائٹی نے ٹویٹ کی کہ ’جزائر فیرو میں کچھ لوگ کل 1428 سفید چہرے والے ڈولفنز کے قابل مذمت شکار کو "تاریخ کا سب سے بڑا گرائنڈراپ" قرار دے رہے ہیں۔‘

’اگر یہ درست ہے تو یہ واقعی خوفناک ہے۔‘

اس شکار کی روایت یہ ہے کہ کشتیاں ڈولفن یا وہیل کے ایک گروہ کو گھیر لیتی ہیں اور انہیں ایک خلیج یا لمبی تنگ سی جگہ لے جاتی ہیں جہاں انہیں ان کے گوشت کے لیے قتل کر دیا جاتا ہے۔

اب اس عمل کو حکومت کی طرف سے کنٹرول کیا جاتا ہے اور شکاریوں کو اس عمل کی تربیت حاصل کرنا ہوتی ہے اور انہیں صرف ان خلیجوں تک محدود رہنا ہوتا ہے جن کی حکومت طرف سے اجازت ہے۔

جزیرے کی حکومت نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ ’جزائر فیرو میں وہیلنگ کو صدیوں سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔‘

’قانون واضح طور پر کہتا ہے کہ شکار اس طرح سے کیا جائے کہ وہیل کو ممکنہ حد تک کم تکلیف پہنچے۔‘

تاہم جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن اس عمل کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے وہ غیر ضروری اور ظالمانہ قرار دیتے ہیں۔

Denmark