پاکستان کا عالمی برادری پر سیاست سے بالاتر ہو کر افغانستان کی مدد کرنے پر زور
پاکستان نے عالمی برادری پر پھر زور دیا ہے کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر افغانستان کی مدد کرے تاکہ افغانستان میں معاشی اور انسانی المیے سے بچتے ہوئے افغانوں کے درمیان مفاہمت کو فروغ دیا جاسکے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار پیر کے روز خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کیا۔
پاکستان نے تمام ذمہ دار فریقوں پر زور دیا کہ وہ ماضی سے سیکھیں اور غلطیاں نہ دہرائیں۔
وزیرخارجہ نے کہا افغانستان ایک تاریخی دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ملک میں جاری تصادم اور غیر مستحکم فضاء کا خاتمہ بھی ہو سکتا ہے اور افغانستان کو ریاستی ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑ سکتا ہے یہ صورتحال اس کے عوام اور خطے کےلئے پریشان کن ہوگی۔
انہوں نےکہاافغانستان کے ساتھ ساتھ اس صورتحال سے پاکستان کو بھی بہت مسائل کا سامنا رہا ہے۔پاکستان افغانستان کے مسئلہ پر جو بھی ہوسکا کرےگا تاہم اس کےلئے صورتحال کے مطابق حقیقت پسندانہ سوچ اپنانا ہوگی۔
وزیرخارجہ نے امن تباہ کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ افغانستان میں استحکام کے عمل کو خراب کرنے سے باز رہیں کیونکہ تصادم کی بجائے جنگ سے متاثرہ ملک کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے.
انہوں نے کہا ایسے عناصر دنیا کو سائبر پلیٹ فارمز اور بے بنیاد الزامات سے گمراہ نہ کریں۔
وزیرخارجہ نے افغانستان کی نئی انتظامیہ سے کہا وہ حقیقی مفاہمتی عمل سے ایسا نظم ونسق یقینی بنائیں جس سے نسل یا صنف کی بنیاد پر خطرات جنم نہ لیں۔
انہوں نے کہا پاکستان عالمی سلامتی اور استحکام کےلئے خطے کو پرامن اور خوشحال دیکھنے کا خواہاں ہے۔
Comments are closed on this story.