Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاقی حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمر شریف کے علاج کے لئے...
شائع 12 ستمبر 2021 09:36am

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمر شریف کے علاج کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کی عیادت کی اور وفاقی حکومت کی جانب سے عمرشریف کے علاج کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمر شریف اسٹیج کے بادشاہ اور قوم کا اثاثہ ہیں، وہ وزیراعظم کی ہدایت پر عمر شریف کی عیادت کے لئے آئے، عمر شریف کے علاج کےلئے ہر ممکن سہولت دیں گے۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمر شریف کے علاج کے لئے میڈیکل بورڈ بنادیا گیا ہے، بورڈ عمر شریف کے اندرون ملک یا بیرون ملک علاج کے لیے جو کہے گا وہ کریں گے۔

اس سے قبل مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی سمیت دیگر اسٹارز نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ عمر شریف کے علاج کے لیے ہرممکن کوشش کریں۔

عالمی شہرت یافتہ کامیڈین عمرشریف کی طبیعت سے متعلق کافی ویڈیوزسوشل میڈیا پرموجود ہیں جن میں اداکارخاصے علیل دکھائی دے رہے ہیں۔

دل کے عارضے میں مبتلا اداکار نے وزیراعظم سے بھی اپیل کی تھی کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مجھے علاج کے لیے باہرملک جانا چاہئے، عمران خان صاحب جب بھی آپ نے مجھے فون کیا ہے۔ میں نے ہمیشہ آپ کی آوازپرلبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے آپ بھی میری آوازپرلبیک کہیں گے۔

اداکارکی ایک اورویڈیووائرل ہورہی ہے جس میں ان کی اہلیہ ان سے بات کررہی ہیں اور ویڈیو میں عمر شریف شدید علالت کا شکارہیں۔

ان کی اہلیہ کا عمرشریف کے متعلق کہنا تھا کہ عمر شریف کیلئے اگلے 24 گھنٹے بہت اہم ہیں، ہمیں عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کی بھی ضرورت پڑے گی کیونکہ ان کی حالت ایسی نہیں کہ وہ عام فلائٹ میں سفرکرسکیں۔

اس متعلق شاہد آفریدی نے بھی وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ عمرشریف کے لیے ویزے کے معاملے کو لے کر ہدایات جاری کریں، عمر شریف ہمارا اثاثہ ہیں جو اس وقت شدید علیل ہیں۔

دوسری جانب عدنان صدیقی نے بھی وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ عمر شریف کے ویزے کے معاملے کو لے کرکچھ کریں اس سے قبل کہ دیرہوجائے۔

اس وقت شاہد آفریدی اورعدنان صدیقی دونوں ہی امریکا میں موجود ہیں اور دونوں نے ہی اپنی جانب سے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی ناسازطبیعت پر بولی وڈ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، نامور کامیڈین جونی لیور کی جانب سے عمر شریف کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

جونی لیور نے عمر شریف اور اِن کے لیے صحت کی دعا کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

جونی لیور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’ہم سب کے عزیز فنکار عمر شریف صاحب جنہوں نے پوری دنیا کو ہنسایا، اُن کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، سن کر بے حد دکھ ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سب مداح عمر شریف کے لیے دعا گو ہیں، آپ سب عمر شریف کے لیے دعا کریں تاکہ وہ جلدی سے ٹھیک ہوجائیں۔‘

مشہور بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے بھی عمر شریف کے علاج سے متعلق جاری بیان میں ان کے ساتھ اپنے ماضی کی یاد تازہ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف اور میں شوکت خانم کی فنڈریزنگ میں ایک ساتھ رہے ہیں۔

بھارتی گلوکار نے مزید کہا کہ عمر شریف کینسر سوسائٹی کے لیے کام پر بہت خوش تھے، آج انہیں علاج کی سخت ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ آرٹسٹ برادری کی مدد کریں۔

واضح رہے کہ عمر شریف کے نام سے مشہور پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔

fawad chaudhry

imran ismail

Umer Sharif