Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سینیٹ قائمہ کمیٹی نے انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کو مسترد کردیا

اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ...
اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2021 03:19pm

اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم )کے استعمال کو مسترد کردیا۔

چیئرمین تاج حیدر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس ہوا ۔

بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانا ہے، 2014 میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا حکم دیا، کوئی ادارہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے حق پر اعتراضات نہیں لگاسکتا، الیکشن کمیشن نے کیسے اعتراضات کا لفظ استعمال کیا، اسکو حذف کیا جائے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے جواب میں اعتراضات کا لفظ حذف کرادیا۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے کیسے ٹائم کیلکولیٹ کیا ہے کہ وقت کم ہے ،فلپائن نے اس سے بھی کم وقت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا، مثال کے بغیر تحفظات کا اظہار کرنا کسی آئینی ادارے کیلئے غیر مناسب ہے ۔

بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کیسےرازداری نہیں رہے گی ،کمیشن قومی ذمہ داری ادا کرنے سے مت بھاگے، انکار کا مطلب تو پھر کچھ اور ہے، ای وی ایم پر کام کرنا الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ کا کام تھا، الیکشن کمیشن یہ کام نہیں کرسکا تو یہ اس کی اپنی ناکامی ہے، اس نے اتنے سال پائلٹ پروجیکٹ کیوں روکے رکھا، الیکشن کمیشن کے اعتراضات خود ان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو بجٹ سے متعلق مکمل بھرپور یقین دہانی کراتی ہے ، بجٹ سے متعلق فیصلہ کرنا ایگزیکٹو کا کام ہے نہ کہ کسی ادارے کا ، ابھی کاسٹنگ کہاں سے آگئی۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آیا کہ 150 ارب کی بات کہاں سے آئی۔

الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہیں، آئین سے کمیشن کو نکال دینا چاہیئے، اعظم سواتی

سینیٹر اعظم سواتی نے کہاکہ الیکشن کمیشن پارلیمان کا مذاق بنارہا ہے، اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دینا چاہیئے، آئینی ترمیم کرکے عام انتخابات کرانے کا اختیار حکومت وقت کو دینا چاہیئے، الیکشن کمیشن ماضی کے انتخابات میں دھاندلی کراتا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کا احتجاجا واک آؤٹ

اس پر الیکشن کمیشن حکام سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اجلاس سے احتجاجا واک آؤٹ کرگئے۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت یہ نا سمجھے کہ قائمہ کمیٹی کو اپنے طریقہ سے چلائے گی، اعظم سواتی صاحب آپ بزرگ ہیں لیکن آپ کا رویہ درست نہیں ہے، اعظم سواتی بتائیں کہ الیکشن کمیشن نے کس سے پیسے پکڑے۔

حکومتی ممبران کا بھی واک آؤٹ

چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امورتاج حیدر نے حکومت کے انتخابی اصلاحات بل پر ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا۔

جس پراعظم سواتی نے کہا کہ ووٹنگ کرانی ہے تو حکومتی ممبر ثمینہ ممتاز کو آن لائن لیا جائے، جو طبیعت ناسازی کی وجہ سے لاجز میں ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ میں ایسا نہیں کرسکتا، ووٹ صرف اس کا ہوگا جو موجود ہوگا،اس پر حکومتی ممبران نے بھی قائمہ کمیٹی سے واک آؤٹ کردیا۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی ترمیم مسترد کر دی

سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز پر ووٹنگ کرائی اور کثرت رائے سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سےمتعلق ترمیم مسترد کر دی۔

انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ای ووٹنگ مسترد

قائمہ کمیٹی نے نہ صرف انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کو مسترد کردیا بلکہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ای ووٹنگ سے متعلق ترمیم بھی مسترد کر دی۔

اسلام آباد

Election

Electronic Voting Machine

Senate Committee