Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس، اسٹریٹجک اثاثوں کے حفاظتی اقدامات پر اظہارِ اطمینان

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کے اسٹرٹیجک اثاثوں کی جامع...
شائع 08 ستمبر 2021 09:22pm

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کے اسٹرٹیجک اثاثوں کی جامع سیکیورٹی کو یقینی بنانے کےلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول کے نظام اور موجودہ حفاظتی اقدامات پرمکمل اعتماد کااظہار کیا ہے۔

این سی اے نے آج (بدھ)اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست کی حیثیت سے جوہری سیکیورٹی کو بہتر بنانےاور جوہری ہتھیاروں میں کمی لانے کی عالمی کوششوں میں مفید کردار ادا کرتارہے گا۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو خطے میں تنازعات کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں روائیتی اور اسٹرٹیجک ہتھیاروں کے ذخائر جمع کرنے کے رجحان پر تشویش ظاہر کی گئی جس سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہوسکتا ہے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ان اقدامات کو امن اور استحکام کےلئے نقصان دہ قراردیتے ہوئے زوردیا کہ پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر خطے میں اسٹرٹیجک استحکام کو یقینی بنانے کےلئے تمام اقدامات کرے گا۔

اجلاس میں کم سے کم دفاعی صلاحیت ہر صورت برقراررکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اسٹرٹیجک صلاحیتوں میں اضافے پر اطمینان ظاہر کیاگیا۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے اسٹرٹیجک فورسز کی تربیت کے اعلی معیاراور پیشہ وارانہ تیاری کی تعریف کی.

اتھارٹی نے این سی اے کے سائنسدانوں اورانجینئرز کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستان کو کامیابی کے ساتھ تمام مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے کے قابل بنایا۔

اجلاس میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے تمام اراکین وفاقی وزراء برائے خارجہ امور، دفاع، خزانہ اور داخلہ، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل نے شرکت کی۔

ریڈیو پاکستان

pm imran khan

COAS

NCA