کراچی میں ایک بار پھر کالی گھٹاؤں کا راج، مختلف علاقوں میں بارش
کراچی:شہر قائد میں ایک بار پھر کالی گھٹاؤں کا راج ہے،شہر کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے، شہر پر کالی گھٹائیں چھا گئیں، کئی علاقوں میں بارش بھی ہوئی ہے۔
کراچی کے علاقے گلشنِ حدید، پورٹ قاسم، کورنگی، ملیر، شارعِ فیصل، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم وسطی بھارت میں موجود ہے، جس کی وجہ سے بحیرۂ عرب میں چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث بادل شہر میں برسے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں شہرِ قائد کا مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے،اس دوران شہرِ قائد میں ہلکی اور معتدل درجے کی بارش کا امکان ہے جبکہ ساحلی پٹی کے علاقوں میں بھی معتدل درجے کی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔
Comments are closed on this story.