Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

معروف برطانوی گلوکارہ سارہ ہارڈنگ انتقال کرگئیں

برطانیہ کی معروف گلوکارہ سارہ ہارڈنگ کا انتقال کرگئی ہیں۔ سارہ...
شائع 07 ستمبر 2021 09:05am
شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے سارہ ہارڈنگ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ (تصویر: گیٹی امیجز)
شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے سارہ ہارڈنگ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ (تصویر: گیٹی امیجز)

برطانیہ کی معروف گلوکارہ سارہ ہارڈنگ کا انتقال کرگئی ہیں۔ سارہ چھاتی کے سرطان جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے سارہ ہارڈنگ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سارہ ہارڈنگ کی عمر محض 39 سال تھی۔ انہیں گزشتہ سال اگست میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان کا علاج جاری تھا، تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کینسر آنجہانی گلوکارہ کے جسم میں سرایت کر چکا ہے، اس لئے ان کے بچنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ سارہ ہارڈنگ کی والدہ نے اپنی صاحبزادی کی موت کی خبر شئیر کرتے ہوئے انہیں خوبصورت انسان قرار دیا۔

رواں سال کے آغاز میں ہی سارہ ہارڈنگ کے علاج پر مامور ڈاکٹروں نے ان کے اہلخانہ کو واضح کر دیا تھا کہ وہ کچھ مہینوں کی ہی مہمان ہیں، ہو سکتا ہے کہ وہ آئندہ کرسمس کو اپنی فیملی کے ہمراہ گزار نہ پائیں۔

سارہ ہارڈنگ کی ساتھی گلوکاراؤں نیکولا رابرٹس اور نیڈائن کائل نے آنجہانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ ہمیں یہ دن بھی دیکھنا پڑے گا۔ ہم تینوں نے بہت اچھا وقت گزارا۔ ان گزرے دنوں کی یادیں ابھی تک ہمارے ذہنوں میں تازہ ہیں، جنہیں بھلانا ہمارے لئے ناممکن ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں سارہ ہارڈنگ نے کہا تھا کہ میں اس دنیا میں اب کچھ عرصے کی مہمان ہوں، ڈاکٹروں نے مجھے بتا دیا ہے کہ میں شاید آئندہ کرسمس کی خوشیاں نہ دیکھ سکوں۔ آنجہانی گلوکارہ نے کہا تھا کہ وہ اس درد سے اب نجات اور سکون چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ 2019ء کے آخری دنوں میں میری بازو کے نیچے ایک گلٹی نمودار ہوئی، جسے ڈاکٹروں کو چیک کرایا گیا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے میں اپنا صحیح طریقے سے علاج نہیں کرا سکی۔ اس عالمی وبا نے سب کچھ بند کر دیا تھا۔

Breast Cancer