Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

طالبان کی جانب سے "ملا حسن اخوند" ریاست کے سربراہ نامزد

افغان طالبان نے کئی دنوں کی مشاورت کے بعد ملا محمد حسن اخوند کو...
شائع 06 ستمبر 2021 01:57pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

افغان طالبان نے کئی دنوں کی مشاورت کے بعد ملا محمد حسن اخوند کو سربراہ مملکت مقرر کردیا ہے۔

طالبان کے سینیئر رہنماؤں نے "دی نیوز" کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملا محمد حسن اخوند طالبان کی نئی حکومت میں ریاست کے سربراہ ہوں گے۔

طالبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پیر یعنی آج نئی حکومت کے اعلان کی تیاری مکمل کرلی تھی تاہم کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسے ملتوی کردیا گیا۔ اب نئی حکومت کے قیام کا اعلان بدھ یا مزید دو تین دن تاخیر سے ہوسکتا ہے۔

طالبان کے ایک سینیئر رہنما نے بتایا کہ ’امیر المومنین شیخ ہیبت اللہ اخوندزادہ نے خود ملا محمد حسن اخوند کو رئیسِ جمہور، یا رئیس الوزرا نامزد کیا ہے۔ ملا برادر اخوند اور ملا عبدالسلام ان کے نائب کے طور پر کام کریں گے۔‘

خیال رہے کہ ملا محمد حسن اخوند اس وقت طالبان کی طاقتور فیصلہ ساز رہبری شوریٰ کے سربراہ ہیں۔ ان کا تعلق قندھار سے ہے جہاں سے طالبان کا بھی آغاز ہوا تھا۔ وہ طالبان کی مسلح تحریک کے بانیوں میں سے ہیں۔

ایک اور طالبان رہنما نے بتایا کہ ’انہوں نے 20 سال رہبری شوریٰ کے سربراہ کے طور پر کام کیا اور اپنی معتبر ساکھ قائم کی۔ وہ عسکری پس منظر نہیں رکھتے بلکہ مذہبی رہنما ہیں اور اپنے کردار اور دینداری کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ملا حسن اخوند 20 سال سے شیخ ہیبت اللہ کے قریب رہے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ ملا حسن طالبان کی سابقہ حکومت میں اہم عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔ انہیں پہلے وزیر خارجہ بنایا گیا اور جب ملا محمد ربانی وزیراعظم تھے تو انہیں نائب وزیراعظم بنایا گیا۔

طالبان کے ایک اور سینیئر رکن نے بتایا کہ حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی کو وفاقی وزیر داخلہ بنانے کی تجویز ہے۔ انہیں مشرقی صوبوں جہاں حقانی نیٹ ورک کا زیادہ زور ہے وہاں کے گورنرز نامزد کرنے کا بھی اختیار دیا گیا گیا۔ ان صوبوں میں پکتیہ، پکتیکا، خوست، گردیز، ننگر ہار اور کنڑ شامل ہیں۔

اسی طرح طالبان کے بانی ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب کی افغانستان کے وزیر دفاع کے طور پر منظوری دی گئی ہے ۔ ملا یعقوب شیخ ہیبت اللہ کے مدرسے میں ان کے طالب علم رہے ہیں۔

طالبان ذرائع کے مطابق شیخ ہیبت اللہ نے ان کے والد اور ملا یعقوب کی لگن کی وجہ سے ہمیشہ ان کی عزت کی ہے اور انہوں نے ہی ملا یعقوب کو مسلح جنگوؤں کا کمانڈر ان چیف بنایا تھا اور پھر انہوں نے ہی یعقوب کو طاقور ملٹری کمیشن کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

افغانستان میں طالبان کی حالیہ پیش قدمی کی شروعات ملا یعقوب کی قیادت میں ہی ہوئی تھی جنہوں نے پہلے دیہی علاقوں، اضلاع اور پھر صوبوں پر کنٹرول کی منصوبہ بندی کی۔

ملایعقوب کے قریبی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ آپریشنز کے دوران ملایعقوب بہت کم نیند لیتے تھے اور دواؤں پر انحصار کرتے تھے جس پر بعض طالبان رہنماؤں نے انہیں اتنا زیادہ دباؤ لینے سے منع بھی کیا تھا۔

طالبان ذرائع کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد کو پہلے وزیر اطلاعات کے لیے منتخب کیا گیا تھا تاہم قیادت نے اپنا ارادہ تبدیل کیا اور اب انہیں سربراہ ریاست ملا محمد حسن اخوند کا ترجمان بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

طالبان ذرائع کا بتانا ہے کہ ملا امیر خان متقی کو وزیر خارجہ نامزد کیا گیا ہے ۔ طالبان کے اندرونی ذرائع کہتے ہیں کہ بعض ذمہ داریوں کے حوالے سے تنظیم کے اندر معمولی مسائل تھے جنہیں حل کرلیا گیا ہے۔

Mullah Hasan Akhund