Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

'دفاع وطن کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں'

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا عظیم دن ہر سال ہمیں...
شائع 06 ستمبر 2021 10:00am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا عظیم دن ہر سال ہمیں اپنے ہیروز، مسلح افواج کے جانبازوں اور خاص طور پر ان شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جو ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخررہے ہیں۔ ہم وطن کی سلامتی اور تحفظ کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے قوم کے ان بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کی فیملیز کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو مادرِ وطن پر نچھاور کردیا۔

یوم ِدفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور بھی زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں۔ 1965ء میں جب دشمن نے ہماری آزادی اور بقاء کو پامال کرنے کی کوشش کی تو پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح اس کے سامنے ڈٹ گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیراعلانیہ جنگ مسلط کی تو پوری قوم محافظان وطن کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے۔ قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کے اس عظیم مظاہرے نے ہماری بہادر مسلح افواج کے جذبوں کو اور بھی بڑھا دیا اور وہ دشمن کے خلاف اس بے خوفی سے لڑے کہ دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر افسروں، جوانوں، پائلٹوں اور اور سیلروں نے دنیا پر ثابت کردیا کہ وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، چاہے اس کے لئے انہیں کوئی بھی قیمت چکانا پڑے۔ وہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرات و بہادری سے لڑے اورعظیم قربانیوں پیش کرتے ہوئے دفاع وطن کا فریِضہ نبھانے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا عظیم دن ہر سال ہمیں اپنے ہیروز، مسلح افواج کے جانبازوں اور خاص طور پر ان شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جو ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخررہے ہیں۔ ہم وطن کی سلامتی اور تحفظ کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے قوم کے ان بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم شہداء کی فیملیز کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو مادرِ وطن پر نچھاور کردیا۔

وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج یہ دن مناتے ہوئے، میں یہ کہوں گا دشمن نے کبھی بھی پرامن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ بلکہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک اس نے پاکستان پر کئی جنگیں مسلط کی ہیں۔ 1948ء ، 1965ء یا 1971ء ہویا دو دہائیوں پر محیط دہشت گردی کے خلاف جنگ،پاکستان کے اندر تخریبی سرگرمیاں ہوں یا پھرسائبر وار فیئر کے ذریعے پراپیگنڈہ، دشمن ہمارے خلاف کارروائیاں کرتا چلا آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ماضی میں بھارت،افغان سر زمین کو پاکستان میں بد امنی اور دہشت گردی کی کاروائیوں کے لیے استعمال کرتا رہا ہم ان گھناونے ہتھکنڈے اپنانے والے عناصر کی مذمت کرتے ہیں اور اپنی بہادر افواج کو خصوصاً وطن عزیز کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اقوام عالم کو اس جارحانہ رویئے پربھارت کو ذمہ دار ٹھرانا چاہیئے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکےبھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔ دنیا جان گئی ہے کہ کس طرح وہ علاقائی اور خاص طور پر پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ہماری حکومت کی موثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے عالمی برادری اب جان چکی ہے کہ کس طرح بھارتی حکومت پورے بھارت میں اقلیتوں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔

وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہے۔ بھارت کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو ان کا حق رائے دہی دینا پڑے گا۔ ہم بھارت کا انتہاپسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ عالمی برادری کے معتبر حلقے، امن کی خاطر کی جانے والی ہماری کوششوں کو تسلیم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں ایک بار پھر یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے، بلکہ اس خطے کے لوگوں کی خوشحالی اوربہتری کیلئے اس کا جواب اسی مثبت انداز میں دیاجانا چاہئے۔ آج کے دن میں اپنی بہادر مسلح افواج کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ہماری باحوصلہ قوم اورمضبوط مسلح افواج نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ ہم دفاع وطن کی نہ صرف بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آیئے، جنگ ستمبر کے ولولہ انگیز جذبوں کواپنے دلوں میں ہمیشہ تازہ رکھیں، یہ جذبے آئندہ درپیش تمام چیلنجز میں سرخرو ہونے کے لئے کافی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم ملک کے دفاع، سلامتی اور بقا کا تحفظ ہر قیمت پر کرتے رہیں گے۔

pm imran khan

Defence Day