Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہبازشریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے

کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے...
اپ ڈیٹ 30 اگست 2021 12:09pm

کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے این اے 249 میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بابائے قوم حضرت قائد اعظم کا شہر ہے لیکن کماؤ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہو رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے میرے مرنے سے پہلے کراچی شہر بدل جائے، یہ قائد کا شہر ہے، کماؤ شہر ہے، معاشی مرکز ہے، سفارتی مرکز بھی رہا ہے،یہاں مہاجر، سندھی، پنجابی، تنولی، بلوچ، بنگالی، بلوچ ، پشتون دیگر اقوام اورعلاقوں کے لوگ رہائش پذیر ہیں۔

مسلم لیگ ن کےصدر نے مزیدکہا کہ کیا کمال شہر ہے جس نے ہر کسی کو اپنی گود میں سمایا ہوا ہے،اس شہر کی خوشحالی کے بغیر پاکستان خوشحال نہیں ہو گا،نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں موقع ملا تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہاں کے مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے،یہ ایک کمال شہر ہے جس نے ہر قومیت، ہر رنگ ونسل اور زبان بولنے والے کو اپنی گود میں لے رکھا ہے۔

قائد حزب اختلاف نےمزید کہا کہ سالانہ اربوں کھربوں روپے دینے والے شہر کا یہ حال ہے کہ ایک گیلن پانی میسر نہیں۔ نواز شریف نے جس طرح کراچی اور سندھ کا امن لٹایا تھا، بجلی کے اندھیرے ختم کئے تھے، اسی طرح ایک بار پھر کراچی کو سنواریں گے اور مسائل سے پاک شہر بنائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کراچی والوں کو بوری بند لاش، بھتوں اور پرچیوں سے نجات دلائی اور امن واپس لائے،کراچی اور سندھ کا امن بحال کرنا نواز شریف کا بہت بڑا کارنامہ تھا۔

Shehbaz Sharif

karachi

National Assembly