Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

'حکومت نے کارکردگی دکھانے کے لیے انڈین سائٹ کی تصویریں استعمال کیں'

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ...
شائع 29 اگست 2021 03:00pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تین سالہ کارکردگی کے اشتہارات پر بھارتی تصاویر استعمال کی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ استعمال شدہ تصاویر ایک بھارتی ویب سائٹ کی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا۔

مریم اورنگزیب نے ٹویٹ میں کہا کہ ’جعلساز عمران صاحب نے تین سال کی اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے انڈین ویب سائٹ (http://imagesbazaar.com) کی تصویریں استعمال کی ہیں۔ لنک سے عمران خان حکومت کی کارکردگی رپورٹ کے ثبوت بمع تصویر دیکھے جاسکتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ جمعرات کے روز پاکستان تحریک انصاف نے اپنی حکومت کے تین سال پورے ہونے پر عوامی جلسہ منقعد کیا تھا جس میں وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کی تھی۔

مریم اورنگرزیب نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ’عمران صاحب کو مسیحا دکھانے کے لیے وزارت اطلاعات کے کروڑوں روپے کے خوشحالی کے منصوبے انڈین پورٹل کی چوری شدہ تصاویر پر مبنی ہیں۔ مہنگائی کم ہوتی تو پاکستان کے بازاروں کی تصویریں ہوتیں۔‘

مریم اورنگزیب کے الزامات کے جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی نے ٹویٹ کیا کہ اشتہارات حکومت خود بیٹھ کر نہیں بناتی، ایڈ ایجنسیاں بناتی ہیں جو مختلف ذرائع سے ڈیٹا خرید کر استعمال کرتی ہیں۔

اظہر مشوانی نے ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کی جانب سے چلنے والا ایک اشتہار شیئر کیا جس میں استعمال کی گئی تصویر مبینہ طور پر کسی ویب سائٹ سے لی گئی تھی۔ اظہر مشوانی نے لکھا کہ ’ن لیگی حکومت کے اشتہارات میں بھی اسی ویب سائٹ کی تصاویر استعمال کی گئیں اگر یہ تصاویر انڈیا کی ہیں تو فواد چوہدری صاحب کو ایجنسی کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔‘

حسن نامی ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ’کوئی مریم اورنگزیب کو سوشل میڈیا کے لیے سٹاک تصاویر کے استعمال کا تصور سمجھائے۔‘

اسٹاک امیجز وہ تصویریں ہوتی ہیں جو کوئی بھی فرد اپنے ذاتی کام کے لیے خرید کر لگا سکتا ہے۔ اسٹاک امیجز انٹرنیٹ پر اشتہارات بنانے اور مہم چلانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔

PTI government

Maryam Aurangzeb