ٹام کروز کی زندگی کا سب سے خطرناک اسٹنٹ وائرل
ہالی وڈ کی معروف ترین فلم سیریز میں سے ایک "مشن امپوسبل" کے ساتویں حصے میں اداکار ٹام کروز نے زندگی کا سب سے خطرناک اور حقیقی اسٹنٹ کیا ہے، جسے دیکھنے والے دم بخود رہ گئے۔
ٹام کروز کا کہنا ہے کہ یہ اب تک کا سب سے خطرناک اسٹنٹ تھا جس کی میں نے کوشش کی، ہم اس کے لیے برسوں سے کام کررہے تھے، میں بچپن سے ایسا کرنا چاہتا تھا۔
فلم کے ڈائریکٹر کرسٹوفر میک کیری نے کہا کہ اب بس ایک بات مجھے خوفزدہ کررہی ہے کہ مشن 8 کے لیے ہم کیا دکھائیں گے۔
حال ہی میں فلم کی عکس بندی کا ایک اور سین بھی سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوا تھا جس میں ایک ٹرین انجن کو بلندی سے نیچے گرایا جاتا ہے۔
اس سین کو برطانیہ کے علاقے ڈربی شائر میں 20 اگست کو فلمایا گیا تھا اور مقامی فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرکے ٹوئٹر پر شیئر کیا۔ رپورٹس کے مطابق ٹام کروز بھی اس موقع پر موجود تھے اور ہیلی کاپٹر سے انجن کے گرنے کا مشاہدہ کررہے تھے۔
واضح رہے کہ ٹام کروز نے جب 1990 کی دہائی میں مشن امپوسبل سیریز میں شمولیت اختیار کی تو ایک اداکار ہوتے ہوئے اپنے اسٹنٹس خود کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل کی، اس سیریز کی ہر نئی فلم میں دنگ کردینے والے اسٹنٹس ہوتے ہیں جو ٹام کروز نے خود کیے۔
ٹام کروز کی زندگی کا سب سے خطرناک اسٹنٹ تو مشن امپوسبل 7 میں ناظرین دیکھ سکیں گے۔ اداکار نے خود بتایا ہے کہ اس نئی فلم میں وہ اپنی زندگی کا سب سے خطرناک اسٹنٹ کررہے ہیں۔
اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز نے ایک سال تک تربیت حاصل کی جس کے دوران ان کو ناروے کی ایک وادی میں موٹرسائیکل دوڑاتے ہوئے ایک پہاڑی سے گہرائی میں چھلانگ لگانا تھی۔
سینما کون ایونٹ کے موقع پر ٹام کروز اور فلم کے ڈائریکٹر مک کیری نے شرکت کرکے مشن امپوسبل 7 کے بارے میں کہا، 'اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز نے 50 اسکائی ڈائیونگ سیشنز میں شرکت کی اور 13 ہزار بار موٹرسائیکل سے جمپ لگائی۔'
اس اسٹنٹ کو فلم کی شوٹنگ کے پہلے دن عکس بند کیا گیا تھا جس کی ویڈیو ممکنہ طور پر گزشتہ سال ستمبر میں وائرل بھی ہوئی تھی۔
گزشتہ سال وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک شخص موٹرسائیکل کو ریمپ پر دوڑاتے ہوئے پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگادیتا ہے اور پیراشوٹ کھول کر نیچے اتر جاتا ہے۔
اس وقت تو معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ اس اسٹنٹ کس نے کیا تھا مگر اب تصدیق ہوگئی ہے کہ ایسا ٹام کروز نے خود کیا۔
Comments are closed on this story.