Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کےعلاقے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی...
اپ ڈیٹ 29 اگست 2021 01:59pm

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی اکرم جاں بحق ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق گلشن بہار کی مارکیٹ میں پولیس اہلکار اے ایس آئی اکرم خان کو اس وقت ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایا گیا جب وہ ساتھی اہلکار اے ایس آئی ظفر کے ساتھ ہوٹل میں بیٹھا تھا، اسی دوران شلوار قمیض پہنے ایک ملزم نے دو پستولوں سے ہوٹل میں داخل ہو کر دونوں اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

واقعہ کی سی سی ٹی وی جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم کی فائرنگ سے اے ایس آئی اکرم زخمی ہو کر گر گیا جبکہ ساتھی اے ایس آئی ظفر پر حملہ آور نے متعدد گولیاں چلائیں لیکن وہ بال بال بچ گیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ اے ایس آئی اکرم کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ سے پستول کے 8 خول ملے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتول اور اس کا ساتھی اہلکار منگھوپیر تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھے اور مقتول کا آبائی تعلق مانسہرہ سے ہے۔

حملہ آوروں کی ویڈیو ایک رکشہ ڈرائیور نے بھی بنائی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹرسائیکل سوار ملزمان ہوٹل کے باہر کھڑے ہیں، ایک ہوٹل میں داخل ہوتا ہے اور فائرنگ کر دیتا ہے اس کے بعد ملزمان فرار ہو جاتے ہیں۔

فائرنگ کرنے والے حملہ آور کے ہاتھ میں 2 پستول تھے اور اس نے دونوں سے فائرنگ کی جبکہ واردات میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیا گیا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

karachi

Orangi Town