Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

یکم ستمبر سے17 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد:وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد...
شائع 24 اگست 2021 01:16pm

اسلام آباد:وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمرنے یکم ستمبر سے17 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کردیا جبکہ جہاز، ٹرین اور میٹرو بس میں سفر کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل کے ہمراہ پریس بریفنگ دی۔

اسد عمر نے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد اسکول اور ٹرانسپورٹیشن میں مکمل ویکسی نیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکے گا جب کہ مکمل ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد فضائی سفر بھی نہیں کرسکیں گے۔

وفاقی وزیر اسدعمر کا کہنا تھا کہ ویکسین نہ لگوانے والے 30 ستمبر کے بعد فضائی سفر نہیں کرسکیں گے اور نہ ہی مکمل ویکسی نیشن کرانے والے پاکستان آسکیں گے جبکہ شاپنگ مالز، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی یہ پابندیاں لاگو ہوں گی۔

سربراہ این سی او سی نے مزید کہا کہ شادی کی تقریبات میں بھی 30 ستمبر کے بعد بغیر مکمل ویکسی نیشن شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسد عمر نے بتایا کہ 17 سال اور اس سے زیادہ عمر کے طلبہ کیلئے15 ستمبر تک ویکسین کی کم سے کم ایک ڈوز لگانا لازمی ہے، بصورت دیگر وہ بھی تعلیمی اداروں میں نہیں جاسکیں گے لہٰذا والدین اپنے بچوں کی ویکسی نیشن ضرور کرائیں کیونکہ 15 اکتوبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن کے بغیر تعلیمی اداروں میں داخلہ بند ہوگا۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر کا مزیدکہنا تھا کہ ریل، بس اور میٹروز سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں 15 ستمبر تک ویکسین کی ایک ڈوز لازمی ہے جبکہ 15 اکتوبر تک دونوں ڈوز نہیں لگوائی گئیں تو ٹرانسپورٹ کا ایسا عملہ اور شہری بھی ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کے اہل نہیں ہوں گے، اس کے علاوہ طلبہ کے ٹرانسپورٹیشن عملے کیلئے31 اگست تک ویکسی نیشن لازمی ہے۔

اسد عمر نے یہ بھی بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 15 ستمبر کے بعد بغیر ویکسی نیشن کے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا،موٹرویز اور ہائی ویز پر بھی 15 ستمبر سے پہلی ڈوز اور 15 اکتوبر کے بعد دونوں ڈوز کی پابندی ہوگی۔

بیرون ملک سفر کرنے والوں کو مخصوص ویکسین لگائی جائے گی،فیصل سلطان

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفر کرنے والوں کو مخصوص ویکسین لگائی جائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک جانے والوں کی ویکسین کے پیسے لیے جائیں گے، بیرون ملک جانے والوں کو میڈیکل نہیں سفر کی بنیاد پر ویکسین لگائیں گے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین لگوا سکتے ہیں، 15 سے 16 سال کےعمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ قوت مدافعت کمزور والے افراد کو مخصوص ویکسین لگائی جائےگی، کمزور قوت مدافعت کی ویکسین کیلئےعمر 12 سال سے زیادہ ہونی چاہیے، کمزور قوت مدافعت افراد کو یکم ستمبر سے مخصوص سینٹرزپر ڈوز لگے گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نےمزید کہا کہ دوسری ڈوز کے 6 ماہ بعد بوسٹر لگوانے پر غور کر رہے ہیں، 50 سال سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز کو بوسٹر لگوانے پر بھی غور کر رہے ہیں، بوسٹر کے معاملے پر اتفاق ہوا تو اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ جعلی کورونا سرٹیفکیٹ بنانے اور بنوانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، بیرون ملک ویکسین لگانے والوں کی رجسٹریشن 26 اگست سے ہوگی۔

NCOC

asad umar

اسلام آباد

Health Minister

corona vaccination

Dr Faisal Sultan