Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ثروت گیلانی کی باورچی کے ساتھ "رکشا بندھن" منانے کی ویڈیو وائرل

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف ترین اداکارہ ثروت گیلانی...
اپ ڈیٹ 24 اگست 2021 12:21pm
تصویر بذریعہ اسکرین گریب
تصویر بذریعہ اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف ترین اداکارہ ثروت گیلانی کی اپنے باورچی گھنیش کے ساتھ "رکشا بندھن" تہوار منانے کی ویڈیو خوب وائرل ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ رکشا بندھن ہندو کمیونٹی کا مقبول تہوار ہے جس میں ایک بھائی اپنی بہن سے "راکھی" بندھواتا ہے اور تاعمر اس کی حفاظت کا وعدہ کرتا ہے۔

لفظ "رکشا" کا مطلب ہے تحفظ اور بندھن بھائیوں کی کلائی پر راکھی نامی دھاگہ باندھنے کی وضاحت کرتا ہے۔ یہ بہن بھائیوں کے خوبصورت اٹوٹ رشتے کا تہوار ہے جو دنیا بھر میں موجود ہندو برادری روایتی جوش و خروش سے مناتی ہے۔

ہندو گھرانوں میں دیا، چاول اور راکھیوں سے سجی پوجا کی تھالی تیارکی جاتی ہے اور بہنیں اپنے بھائیوں کی کلائی پر راکھی باندھ کر ان کی صحت مندی، درازی عمر اور کامیابی کے لیے دعا کرتی ہیں۔ جواب میں بھائی دکھ سکھ میں ساتھ رہنے اور بہنوں کی حفاظت کرنے کاعزم کرتے ہوئے تحفہ دیتے ہیں۔

پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کو خوش وخرم دیکھنے اورمحبت کا احساس دلانے کی خواہش مند ثروت نے انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنے باورچی کے ہاتھ پر راکھی باندھتے ہوئے ویڈیو شیئر کی۔

ثروت نے گھنیش کے ماتھے پرتلک لگانے کے بعد کلائی پر راکھی باندھی، اس دوران ان کے دونوں بیٹے بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے ننھے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھام رکھا ہے۔

اس سے قبل ثروت بشریٰ انصاری کے ہمراہ ٹی وی ان پر دکھائے جانے والے مقبول ڈرامہ سیریل "سیتا باگڑی" میں مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں جس میں پاکستان کی ہندو کمیونٹی کے مثبت پہلو اجاگر کرتے ہوئے ان کی حب الوطنی دکھائی گئی تھی۔