Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

سابق افغان وزیراعظم اور صدراشرف غنی کے بھائی نے طالبان کی حمایت کردی

افغانستان کے سابق وزیراعظم اور حزبِ اسلامی کے رہ نما گلبدین ...
شائع 22 اگست 2021 08:47am
تصویر بشکریہ العربیہ
تصویر بشکریہ العربیہ

افغانستان کے سابق وزیراعظم اور حزبِ اسلامی کے رہ نما گلبدین حکمت یار نے طالبان حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ان کے علاوہ خودساختہ جلاوطن صدر اشرف غنی کے چھوٹے بھائی حشمت غنی نے بھی طالبان کی حمایت کردی ہے۔

مقامی میڈیا افغان اردو کی رپورٹ کے مطابق طالبان کےاعلیٰ سطح کے وفد کی ملّا شہاب الدین دلاور کی سربراہی میں سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار سے کابل میں ملاقات کی ہے اوران سے ملک کی موجودہ صورت حال اور نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اس ملاقات میں طالبان کے دو سینیر رہ نما ملّاخیراللہ خیرخواہ اور ملّا عبدالسلام حنفی بھی موجود تھے۔ اس موقع پرطالبان رہ نماؤں نے گلبدین حکمت یار کی امامت میں نماز بھی ادا کی۔ حکمت یار 1990ء کی دہائی میں افغانستان میں مجاہدین کے مختلف گروپوں پر مشتمل قومی حکومت کے وزیراعظم رہے تھے۔

قبل ازیں سوشل میڈیا کے ذریعے ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ اس میں بعض طالبان لیڈروں کے ساتھ سبکدوش افغان صدر کے چھوٹے بھائی حشمت غنی کو دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ ان کے ساتھ مصافحہ کررہے ہیں۔ اس ملاقات میں طالبان کے لیڈر خلیل الرحمٰن حقانی اور مذہبی اسکالر مفتی محمود ذاکر بھی موجود ہیں۔

صحافی طاہرخان نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر یہ ویڈیو شئیر کی ہے اور کہا ہے کہ اس کو مفتی ذاکر نے جاری کیا ہے۔

دریں اثناء بلومبرگ نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ سابق افغان حکومت کے لیڈروں نے طالبان رہ نماؤں سے ملاقات کی ہے۔ سابق افغان صدرحامد کرزئی اورافغانستان کی اعلیٰ مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے کابل کے قائم مقام گورنر عبدالرحمٰن منصور سے ملک کی نئی صورت حال پر بات چیت کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کو کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد صدراشرف غنی ملک سے بذریعہ طیارہ راہ فرار اختیار کرگئے تھے اور جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے وزارت برائے امورخارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے ان کی ملک میں موجودگی کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ اشرف غنی اور ان کے خاندان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملک میں پناہ دی گئی ہے۔

ashraf ghani

Hamid Karzai

Taliban