Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

راہ فرار کیلئے دردناک موت پانے والے افغان شہری۔۔۔

طالبان کے افغانستان پر قابض ہونے کے بعد خوف میں مبتلا افغان شہری...
اپ ڈیٹ 17 اگست 2021 09:22am

طالبان کے افغانستان پر قابض ہونے کے بعد خوف میں مبتلا افغان شہری ملک سے فرار ہونے کیلئے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں، چاہے وہ قیمت ان کی جان ہی کیوں نہ ہو۔

15 اگست کو افغانستان کی صورت حال نے اچانک ایڑھیوں کے بل یوٹرن لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے کابل طالبان کے ہاتھوں میں چلا گیا۔

جب افغان صدر اشرف غنی، ملک کے آرمی چیف اور دیگر سیاسی کریم اپنی جان کی امان کیلئے عوام کو طالبان کے رحم و کرم پر چھوڑ کر ملک سے فرار ہوئے تو عوام نے بھی ملک چھوڑنے میں عافیت جانی۔

کابل ائیرپورٹ واحد ذریعہ تھا جہاں سے راہ فرار اختیار کی جاسکتی تھی۔ عوام جوق در جوق کابل ائیر پورٹ پہنچنا شروع ہوئے، یہاں تک کہ رن وے پر بھی عوام کی بھیڑ جمع ہوگئی۔

نوبت تک یہاں تک آگئی کہ لوگ اپنی جان کی پراوہ کئے بنا رن وے پر موجود ٹیک آف کیلئے تیار امریکی طیارے پر چڑھ دوڑے۔ جس کے بعد پیش آنے والے مناظر نے دنیا کو ہلا ڈالا۔ جس نے بھی ان مناظر کو دیکھا اس کا دل کرب میں مبتلا ہوگیا۔

یہ تصویر گزشتہ رات کابل سے روانہ ہونے والے امریکی فوجی طیارے کی ہے جو 150 افراد کی گنجائش رکھتا، تاہم، اس طیارے نے 640 افراد کے ساتھ ٹیک آف کیا۔

یہ دردناک مناظر امریکی سی 17 طیارے کے ہیں جس کے لینڈنگ گیئر میں ایک افغان شہری فرار کی کوشش میں پھنس کر اپنی جان گنوا بیٹھا۔

یہ ویڈیو انتہائی مایوس کن اور واقعی خوفناک ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹیک آف کرتے ہوائی جہاز سے فرار کی کوشش میں گر رہے ہیں۔

Taliban

Kabul airport