Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خاتون صحافی کی طالبان کے ہاتھوں شکار سے بچنے کی جدوجہد

ایک نوجوان افغان خاتون صحافی نے گھبراہٹ اور جبری طور پر...
اپ ڈیٹ 11 اگست 2021 11:41am

ایک گمنام نوجوان افغان خاتون صحافی نے گھبراہٹ اور جبری طور پر افغانستان کے شہروں پر طالبان کے قبضے کے بعد روپوش ہونے پر مجبور ہونے کے خوف کو بیان کیا ہے۔

دی گارجئین میں شائع رپورٹ کے مطابق اپنی کہانی سناتے ہوئے انہوں نے کہا، 'دو دن پہلے جب طالبان نے میرے شہر پر قبضہ کیا تو مجھے افغانستان کے شمال میں اپنے گھر اور زندگی سے بھاگنا پڑا۔ میں اب بھی بھاگ رہی ہوں اور میرے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔

پچھلے ہفتے تک میں ایک نیوز جرنلسٹ تھی۔ آج میں اپنے نام سے کچھ نہیں لکھ سکتی، یا یہ نہیں کہہ سکتی کہ میں کہاں سے ہوں یا کہاں ہوں۔ میری پوری زندگی صرف چند دنوں میں ختم ہو گئی ہے۔

میں بہت خوفزدہ ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ میرے ساتھ کیا ہوگا۔ کیا میں کبھی گھر جا پاؤں گی؟ کیا میں اپنے والدین کو دوبارہ دیکھوں گی؟ میں کہاں جاؤں گی؟ شاہراہ دونوں طرف سے بند ہے۔ میں کیسے زندہ رہوں گی؟

میرا گھر اور زندگی چھوڑنے کا فیصلہ منصوبہ بند نہیں تھا، یہ بہت اچانک ہوا۔ پچھلے دنوں میرا پورا صوبہ طالبان کے قبضے میں آگیا۔ ہوائی اڈے اور پولیس کے چند ضلعی دفاتر وہ جگہیں ہیں جن پر حکومت کا اب بھی کنٹرول ہے۔ میں محفوظ نہیں ہوں کیونکہ میں ایک 22 سالہ خاتون ہوں اور میں جانتی ہوں کہ طالبان خاندانوں کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ اپنے لڑکوں کے لیے اپنی بیٹیاں بیویوں کے طور پر دیں۔ میں بھی محفوظ نہیں ہوں کیونکہ میں ایک نیوز جرنلسٹ ہوں اور میں جانتی ہوں کہ طالبان میری اور میرے تمام ساتھیوں کی تلاش میں آئیں گے۔

طالبان پہلے ہی ایسے لوگوں کو ڈھونڈ رہے ہیں جنہیں وہ نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ ویک اینڈ پر میرے مینیجر نے مجھے فون کیا اور نامعلوم نمبر سے آںے والی کالز کا جواب نہ دینے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں، خاص طور پر خواتین کو چھپنا چاہیے اور اگر ممکن ہو تو شہر سے فرار ہو جانا چاہیے۔

جب میں پیکنگ کے دوران گولیوں اور راکٹوں کی آوازیں سن سکتی تھی۔ طیارے اور ہیلی کاپٹر ہمارے سروں پر نیچی پرواز کررہے تھے۔ گھر کے بالکل باہر سڑکوں پر لڑائی جاری تھی۔ میرے چچا نے مجھے محفوظ جگہ پر پہنچانے میں مدد کی پیشکش کی ، چنانچہ میں نے اپنا فون اور ایک چادری (مکمل افغان برقع) پکڑا اور وہاں سے نکل گئی۔ میرے والدین گھر نہیں چھوڑیں گے، حالانکہ ہمارا گھر اب شہر کی جنگ کی فرنٹ لائن پر تھا۔ جیسے ہی راکٹ فائر میں شدت آئی انہوں نے مجھ سے التجا کی کیونکہ وہ جانتے تھے کہ شہر سے باہر جانے والے راستے جلد بند ہو جائیں گے۔ چنانچہ میں نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا اور اپنے چچا کے ساتھ بھاگ نکلی۔ میں نے ان سے بات نہیں کی کیونکہ فون اب شہر میں کام نہیں کر رہے ہیں۔

گھر کے باہر افراتفری تھی۔ میں اپنے محلے کی آخری نوجوان خواتین میں سے تھی جو بھاگنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ میں طالبان جنگجوؤں کو ہمارے گھر کے باہر ، سڑک پر دیکھ سکتی تھی، وہ ہر جگہ تھے۔ خدا کا شکر ہے ، میرے پاس میری چادری تھی ، لیکن تب بھی مجھے ڈر تھا کہ وہ مجھے روکیں گے یا مجھے پہچان لیں گے۔ چلتے چلتے میں کانپ رہی تھا لیکن خوفزدہ نظر نہ آنے کی کوشش کر رہی تھی۔

ہمارے گھر چھوڑنے کے فوراً بعد ایک راکٹ ہمارے آگے گرا۔ مجھے چیخنا اور رونا یاد ہے ، میرے اردگرد عورتیں اور بچے ہر سمت دوڑ رہے تھے۔ ایسا لگا جیسے ہم سب ایک کشتی میں پھنس گئے ہیں اور ہمارے ارد گرد ایک بڑا طوفان آ گیا ہے۔

ہم اپنے چچا کی گاڑی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور ان کے گھر کی طرف ڈرائیونگ شروع کی ، جو شہر سے 30 منٹ کے فاصلے پر ہے۔ راستے میں ہمیں ایک طالبان چوکی پر روکا گیا۔ یہ میری زندگی کا سب سے خوفناک لمحہ تھا۔ میں اپنی چادری کے اندر تھی اور انہوں نے مجھے نظر انداز کیا لیکن میرے چچا سے پوچھ گچھ کی اور پوچھا کہ ہم کہاں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر میں ایک صحت کے مرکز گئے تھے اور گھر جا رہے تھے۔ یہاں تک کہ جب وہ اس سے پوچھ گچھ کر رہے تھے ، راکٹ فائر کیے جا رہے تھے اور چوکی کے قریب اتر رہے تھے۔ آخر میں ، انہوں نے ہمیں جانے دیا۔

جب ہم اپنے ماموں کے گاؤں پہنچے تو وہ بھی محفوظ نہیں تھا۔ ان کا گاؤں طالبان کے کنٹرول میں ہے اور بہت سے خاندان طالبان کے ہمدرد ہیں۔ ہمارے پہنچنے کے چند گھنٹوں کے بعد ہمیں بتایا گیا کہ کچھ پڑوسیوں کو پتا چل گیا ہے کہ وہ مجھے وہاں چھپا رہا ہے اور ہمیں وہاں سے چلے جانا چاہئیے۔ اگر انہوں نے مجھے وہاں پایا تو وہ سب کو مار ڈالیں گے۔

ہم نے کہیں اور چھپنے کے لیے ایک دور کے رشتہ دار کا گھر تلاش کیا۔ ہمیں گھنٹوں چلنا پڑا، میں اب بھی چادری میں تھی اور تمام اہم سڑکوں سے دور رہنے کی کوشش کررہے تھے جہاں طالبان ہوسکتے ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں میں اب ہوں، ایک دیہی علاقہ جہاں کچھ بھی نہیں ہے۔ نہ پانی ہے نہ بجلی۔ بمشکل کوئی فون سگنل ہے اور میں دنیا سے کٹ گئی ہوں۔

زیادہ تر خواتین اور لڑکیاں جنہیں میں جانتی ہوں وہ بھی شہر سے بھاگ گئی ہیں اور کہیں محفوظ ٹھکانہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ میں اپنے دوستوں، پڑوسیوں، اپنے ہم جماعتوں، افغانستان کی تمام خواتین کے بارے میں سوچنا اور فکر کرنا نہیں روک سکتی۔

میڈیا میں میری تمام خواتین ساتھی خوفزدہ ہیں۔ زیادہ تر شہر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی ہیں اور صوبے سے باہر نکلنے کا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن ہم مکمل طور پر گھیرے میں ہیں۔ ہم سب نے اپنی صحافت کے ذریعے طالبان کے خلاف بات کی ہے اور ان پر غصہ کیا ہے۔

ابھی سب کچھ کشیدہ ہے۔ میں صرف اتنا کر سکتی ہوں کہ چلتے رہوں اور امید کرتی ہوں کہ صوبے سے باہر کا راستہ جلد کھل جائے گا۔ برائے مہربانی میرے لیے دعا کریں۔'

Taliban Takeover