Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تجاوزات پر نیوی اور ایئرفورس کیخلاف کارروائی کا حکم

اسلام آبادہائیکورٹ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تجاوزات پر نیوی...
شائع 10 اگست 2021 02:39pm

اسلام آبادہائیکورٹ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تجاوزات پر نیوی اور ایئر فورس کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تجاوزات کیخلاف کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے نیوی اور ایئر فورس کیخلاف مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تجاوزات پر کارروائی کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ میڈیا رپورٹس ہیں نیوی اور ایئر فورس نے نیشنل پارک میں تجاوزات کی ہیں، وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے ان کیخلاف کیا ایکشن لیا، اگر نیشنل پارک میں کوئی بھی تجاوزات کرے تو اس کے کیا نتائج ہیں؟مارگلہ ہلز نیشنل پارک تجاوزات پرآپ نےنیوی اور ایئر فورس کو نوٹس کیوں نہیں کیا، یہاں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، بے شک یہ عدالت قانون خلاف ورزی کرے آپ ایکشن لیں۔

چیئرپرسن وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ رائنا سعید خان نے کہا کہ ہم نے ایکشن نہیں لیا کیوں کہ ہمارے پاس اختیارات نہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر میں بھی قانون کی خلاف ورزی کروں تو آپ میرے خلاف بھی ایکشن لیں ، آپ کے کیا اختیارات ہیں ؟ آپ کیا کر سکتے ہیں؟ آپ کو کیوں معلوم نہیں۔

وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے وکیل دانیال حسن نے کہا کہ اسلام آباد وائلڈ لائف آرڈیننس 1979 کے تحت قید اور جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے، بورڈ کے پاس سیکشن 29 کے تحت گرفتاری کا اختیار بھی موجود ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وائلڈ لائف سے متعلق اتنا موثر قانون موجود ہے آپ نے اس میں صرف ترامیم کرنی ہیں، وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اس حوالے سے مناسب ایکشن لے، بورڈ کو جو اختیارات دیے گئے ہیں ان کے تحت ایکشن لیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ، یہ بھی رپورٹ ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے بھی ایکشن لیا ہے ، چیئرپرسن صاحبہ آپ کے پاس اختیارات ہیں اگر کوئی بھی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو ایکشن لیں۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 27 اگست تک ملتوی کرنے کی ہدایت کی۔

Airforce

Justice Athar Minallah

IHC

Chief Justice

اسلام آباد