Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیوچر امپرفیکٹ: مافوق الفطرت حالات پر مبنی ایکشن تھرلر فلم

پاکستان کے مقبول اداکاروں میں سے ایک اعجاز اسلم اپنی آنے والے...
اپ ڈیٹ 04 اگست 2021 02:32pm

پاکستان کے مقبول اداکاروں میں سے ایک اعجاز اسلم اپنی آنے والے پروجیکٹ "فیوچر امپرفیکٹ" میں ایک نئے انداز کے ساتھ جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔ ٹی وی میں اکثر رومانوی کرداروں میں نظر آنے والے اعجاز اسلم اس بار ایک مختلف روپ میں نظر آئیں گے۔

ایکشن اور تھرلر سے بھرپور فلم "فیوچر امپرفیکٹ" کی کہانی محمد کامران جاوید نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایتکاری بھی انہی کی دین ہے۔

مافوق الفطرت صورتحال پر مبنی اس فلم میں ایک ذہنی انتشار کے شکار زاہد نامی میڈیکل سیلز ریپ کی کہانی بیان کی گئی ہے جسے اپنے ہی ہینڈ رائٹنگ میں لکھی ایک ڈائری ملتی ہے، ڈائری میں لکھا مواد دیکھ کر زاہد حیران وہ جاتا ہے کیونکہ اسے یاد نہیں کہ ڈائری اس نے کب لکھی تھی۔

ڈائری میں زاہد کی زندگی کے آئندہ 24 گھنٹوں کی تفصیلات واضح طور پر درج ہوتی ہیں جو اسے ایک ایسے سفر پر لے جاتی ہیں جس سے زاہد کی زندگی کا رخ بدل جاتا ہے۔

فیوچر امپرفیکٹ کے ریلیز کئے گئے پرومو میں مختلف کرداروں کی جھلکیاں موجود ہیں۔ فلم میں اعجاز اسلم اور مشال خان، اداکار خالد انعم، خالد ظفر اور حسام خان کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کو پروڈکشن کمپنی "واکس وژن" کے بینر تلے زید عزیز کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا ہے۔ زید عزیز اس سے قبل بھی 'دی اَرلی ڈیز' اور 'عورت اور مرد' جیسے پراجیکٹس پروڈیوس کر چکے ہیں۔

فیوچر امپرفیکٹ کا پریمئیر "آج انٹرٹینمنٹ" پر ہفتہ 7 اگست 2021 رات 9 بجے جبکہ ریپیٹ ٹیلی کاسٹ 8 اگست دوپہر 3 بجے کیا جائے گا۔

اس پروجیکٹ کے حوالے سے ڈان امیجز سے گفتگو میں اعجاز اسلم نے کہا کہ فلم میں ایکشن اور سسپنس ہے اور یہ دیگر پاکستانی مختصر فلموں سے مختلف ہے۔ محدود وسائل میں تیار کیے گئے اس تھرلر کو ایک تھیٹر فلم کے انداز سے تیار کیا گیا ہے۔

اداکارہ مشال خان نے اس حوالے کہا کہ یہ کہانی 'طاقت' اور 'صحیح اور غلط میں سے منتخب کرنے' سے متعلق ہے۔ اس فلم میں ایکشن کی کوریوگرافی ابراہیم کُشتی والا نے کی ہے، جنہوں نے مارشل آرٹس کی تربیت حاصل کی ہوئی ہے۔

حال ہی میں اعجاز اسلم، ماہ نور بلوچ اور فیصل قریشی کے ساتھ عید ٹیلی فلم 'گھن چکر' ، جبکہ مشال خان ڈراما سیریل 'خواب نگر کی شہزادی' میں میکال ذوالفقار کے ساتھ نظر آئی تھیں۔

Aaj entertainment

Mashal Khan