Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مدثر کے ساتھ دوستی ختم: معروف میم ہزاروں ڈالرز میں نیلام

ٹوئٹر کے بانی کی پہلی ٹویٹ کی نیلامی کے بعد اب پاکستان سے بھی...
شائع 04 اگست 2021 09:15am

ٹوئٹر کے بانی کی پہلی ٹویٹ کی نیلامی کے بعد اب پاکستان سے بھی ڈیجیٹل اثاثے بکنا شروع ہو رہے ہیں۔ فیس بک پر پوسٹ ہونے والی ایک پاکستانی میم "مدثر کے ساتھ دوستی ختم اب سلمان میرا بہترین دوست ہے" 51 ہزار 530 ڈالرز (20 اے تھر) میں فروخت کی جاچکی ہے۔

یہ میم جمعے کو نیلامی کے لیے پیش کی گئی جو پاکستان کی طرف سے بیچی جانے والے بڑی این ایف ٹی یعنی "ناقابل بدل ٹوکن" میں سے ایک ہے۔ نیلامی لاہور کی ایک ویب سائٹ آلٹر ڈاٹ گیلری (https://alter.gallery/) کے تعاون سے کی گئی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی محمد آصف رضا نے عالمی یوم دوستی کے موقع کی مناسبت سے یہ میم 30 جولائی 2015 میں فیس بک پر شیئر کی تھی جس کے بعد دنیا بھر میں وائرل ہو گئی تھی۔

معصومانہ میم میں ناصرف بڑے بڑے رنگین انگریزی الفاظ کا استعمال کیا گیا بلکہ مدثر کی تصویر پر کراس کا نشان لگا کر اور سلمان کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے آصف رضا نے اچھے طریقے سے سمجھایا تھا کہ اس کا مطلب کیا ہے۔

بعد میں اس میم کو ترمیم کے ساتھ دنیا بھر میں استعمال کیا گیا تھا۔ حتیٰ کے ڈزنی، اور امریکی ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز نے بھی اسے اپنی اپنی ترامیم کے ساتھ استعمال کیا تھا۔

٭ میمز خریدنے والے آخر اتنے پیسے کیوں دیتے ہیں؟

میمز خریدنے والے بنیادی طور پر انٹرنیٹ کی تاریخ کا ایک حصہ اپنے نام کر لیتے ہیں۔ یہ فخر کی بات ہے کہ پاکستان کی میم کو اتنی پذیرائی مل رہی ہے۔

حال ہی میں دو میمز ’نیان کیٹ‘ اور ’ڈیل ود اٹ‘ نامی این ایف ٹیز لاکھوں ڈالرز میں فروخت ہوئی ہیں۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ این ایف ٹی خریدنے سے اور کوئی خاص فائدہ ہو نا ہو خریدار بس فخر سے دعویٰ کر سکتے ہیں کہ فلاں میم، یا ٹویٹ کا اصل مالک اب میں ہوں۔ اس سے آرٹ تخلیق کرنے والے کو بہرحال اس کی تخلیق کا معاوضہ مل جاتا ہے۔

٭ این ایف ٹی کیا ہے؟

دنیا میں بٹ کوائن اور دوسری کرپٹو کرنسی کی آمد کے ساتھ ڈیجیٹل آرٹ کی خرید و فروخت آسان ہو گئی ہے۔ این ایف ٹی یا نان فنج ایبل ٹوکن اصل میں ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یہ کوئی تصویر، ٹویٹ، نظم، گانا، یا میم ہو سکتی ہے۔

نان فنج ایبل کا مطلب ہے ایسی چیز جو ناقابل بدل ہو یعنی منفرد ہو جیسے ایک بٹ کوائن کو یا ایک روپے کو دوسرے بٹ کوائن یا روپے سے تبدیل کریں تب بھی آپ کے پاس وہی چیز آئے گی، تاہم ایسی چیز جو منفرد ہو اور مخصوص ہو اس کا بدل کوئی اور چیز نہیں ہو سکتی۔

٭ این ایف ٹی کیسے بیچے جاتے ہیں؟

زیادہ تر این ایف ٹی ’اے تھیریم میں ٹوکن کی شکل میں رکھے جاتے ہیں۔ اے تھیریم بٹ کوائن کی طرح ڈیجیٹل کرنسی ہے مگر اس کی بلاک چِین این ایف ٹی کو بھی سپورٹ کرتی ہے جس میں اس کی معلومات اور منفرد شناخت سٹور ہوتی ہے، اور اس کی ملکیت چیک کی جا سکتی ہے۔ این ایف ٹی میں زیادہ تر ڈیجیٹل آرٹ نیلامی کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

این ایف ٹی کے ذریعے آپ کسی منفرد ڈیجیٹل اثاثے کی ملکیت خرید یا بیچ سکتے ہیں اور بلاک چِین کے استعمال سے یہ بھی جان سکتے ہیں کہ ان کی ملکیت اس وقت کس کے پاس ہے۔

کہا جاتا ہے کہ بلاک چین پر این ایف ٹی کی موجودگی سے توانائی کا خرچ کافی زیادہ ہوتا ہے۔

ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی نے اس سال مارچ میں اپنی ٹویٹ کو 25 لاکھ ڈالر میں نیلام کیا تھا۔ 22 مارچ 2006 میں کی جانے والی اس ٹویٹ میں جیک ڈورسی نے صرف اتنا لکھا تھا ’بس اپنا ٹوئٹر سیٹ کر رہا ہوں۔‘

خریدنے والے کو اس ٹویٹ کا ڈیجیٹل سرٹیفیکیٹ ملا جس پر جیک ڈورسی کے دستخط اور تصدیق تھی، گویا ان کا آٹوگراف تھا جو اتنا مہنگا بک گیا۔

cryptocurrency

NFT