Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مونٹی پنیسر نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کا چہرہ بے نقاب کردیا

جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز کے بعدانگلینڈ کے مونٹی پنیسر نے بھی...
اپ ڈیٹ 03 اگست 2021 08:57am

جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز کے بعدانگلینڈ کے مونٹی پنیسر نے بھی کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) کے خلاف ہونے والی سازش کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے مونٹی پنیسر کا کہنا تھا کہ انگلش بورڈ نے مجھے آگاہ کیا ہے کہ کے پی ایل میں شرکت کی صورت میں بھارتی ویزا نہیں ملے گا۔

مونٹی پنیسر نے کہا کہ انہیں کے پی ایل کا حصہ بننے پر بھارت میں کسی کرکٹ ایونٹ کاحصہ نہ بنانے کا کہا گیا اور بھارتی دھمکی کے باعث کمنٹری اور براڈکاسٹنگ کے کیریئر میں مشکلات دیکھ رہا ہوں، بھارتی بورڈ کی جانب سے روکے جانے پر کے پی ایل کھیلنا میرے لئے مشکل ہو گیا۔

واضح رہے کہ کشمیر پریمئیر لیگ کے مظفرآباد میں انعقاد پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بوکھلاہٹ میں فوری طور پر انگلش اور افریقی کرکٹ بورڈ حکام سے رابطہ کیا تھا۔

اس سے قبل کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) میں شرکت کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے بھی سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے بتایا کہ کے پی ایل کھیلنے سے روکنے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں دھمکیاں دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی غیرضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لارہا ہے اور مجھے کے پی ایل ٹی 20 میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بی سی سی آئی نے کشمیر پریمئیر لیگ پر پابندی کیلئے آئی سی سی سے بھی رابطہ کیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے کشمیر پریمیئر لیگ پر پابندی لگانے کے مطالبے کے جواب میں کہا ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کےبین الاقوامی نہ ہونے کی وجہ سے وہ آئی سی سی کے دائرہ کار میں نہیں آتی۔

ترجمان آئی سی سی نے جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے ضابطے کے مطابق ہر قومی فیڈریشن کو اختیار ہے کہ اپنی سرزمین پر ہونے والے ڈومیسٹک میچوں پر پابندی لگائے۔ آئی سی سی صرف ایسوسی ایٹ ممبران کی سرزمین پر منعقد ہونے والے میچوں کے معاملے پر دخل دے سکتا ہے۔

بی سی سی آئی کا اعتراض یہ ہے کہ ٹورنامنٹ مظفرآباد کے متنازعہ خطے میں ہورہا ہے، آیا وہاں میچ کھیلا جاسکتا ہے۔

تاہم دی نیوز کے مطابق سری نگر جو ایک متنازعہ خطہ ہے، میں بھارت 1983 میں ویسٹ انڈیز اور 1986 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیل چکا ہے۔

کشمیر پریمیئر لیگ کی ابتداء 6 اگست سے ہورہی ہے۔ لیگ میں صفِ اول کے کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں جن میں شاہد آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں۔

آج ٹی وی میر پور رائلز کا بطور آفیشل میڈیا اسپانسر حصہ ہے۔

Kashmir Premier League

Herschelle Gibbs

KPL

BCCI