شوہر کا درجہ آپ سے اوپر ہونا چاہیے، صدف کنول
پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑیوں میں سے ایک صدف کنول اور شہروز سبزواری ہیں۔
حال ہی میں دونوں نے نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی اور ازدواجی اصولوں سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدف کنول نے کہا، 'میرا ماننا ہے کہ آپ اپنے شوہر کو شوہر سمجھیں اور شوہر کا درجہ اوپر ہونا چاہیے کیوں کہ وہ آدمی ہے، بیوی کو کھلاتا ہے، بچوں کو سنبھالتا ہے۔'
صدف نے کہا کہ، 'میں بھی اگرچہ کام کرتی ہوں لیکن شوہر کے مقابلے میں نہیں آسکتی۔'
صدف کی بات پر اتفاق کرتے ہوئے شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ، 'مرد بھی عورت کا مقابلہ نہیں کرسکتا، وہ ذمہ داری صرف عورت ہی ادا کرسکتی ہے، مرد اس کے قریب بھی نہیں جاسکتا۔'
شہروز نے کہا کہ، 'اللہ نے شوہر اور بیوی دونوں کو علیحدہ علیحدہ مقام دیا ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو اللہ دو مختلف انسان کیوں بناتا، اگر سب نے ایک جیسا ہی ہونا ہوتا تو دو مختلف انسان نہ ہوتے لہٰذا دونوں کو ایک دوسرے کو عزت دینی چاہیے اور ایک دوسرے کا مقام سمجھنا چاہیے، یہ بھی برابری ہی ہے۔
فیمینزم کیا ہے اور کیا ہمارے معاشرے میں عورت مظلوم ہے؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے صدف کنول کا کہنا تھا کہ، 'عورت مظلوم بالکل بھی نہیں ہے، عورت بہت مضبوط ہے۔ میں تو اپنے آپ کو بہت مضبوط سمجھتی ہوں اور آپ بھی بہت مضبوط ہونگی۔'
فیمینزم کے حوالے سے صدف کنول کا کہنا تھا کہ، 'ہمارا کلچر کیا ہے کہ ہمارا میاں ہے، میں نے شادی کی ہے، میں نے اس کے جوتے بھی اٹھانے ہیں، میں اس کے کپڑے بھی استری کروں گی، مجھے پتا ہوتا کہ شیری کے کپڑے کہاں ہیں، شیری کی کیا چیز کہاں پڑی ہوئی ہے اور شیری نے کیا کھانا ہے اور کب کھانا ہے۔ یہ مجھے پتا ہونا چاہئیے کیونکہ میں اس کی بیوی ہوں۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ، 'شیری کو میرا پتا ہونا چاہئیے، لیکن مجھے شیری کا زیادہ پتا ہونا چاہئیے۔'
صدف کنول نے کہا کہ، 'یہ جو فیمینزم آگیا ہے، یہ لبرلز لوگ ہوتے ہیں، لیکن میرے خیال میں فیمینزم ہے کہ میں آدمی کا اپنے میاں کا خیال رکھوں، اسے عزت دوں اور جو مجھ سے ہوسکا وہ کروں۔'
صدف کنول کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، کچھ نے ان کی بات کو سپورٹ کیا ہے تو کچھ مخالف بھی نظر آئے۔ جبکہ کچھ نے اس پر میمز بھی بنا ڈالے۔
ملاحظہ کیجئے۔۔۔
خیال رہے کہ صدف کنول اداکار شہروز سبزواری کی دوسری بیوی ہیں۔ شہروز کی ماڈل و اداکارہ سائرہ یوسف سے 8 سالہ رفاقت گزشتہ برس ختم ہوئی تھی جس کے بعد شہروز نے ماڈل صدف کنول سے مئی 2020 میں شادی کر لی تھی۔
صدف کنول کو ماضی میں شہروز سبزواری اور ان کی پہلی بیگم سائرہ یوسف کے درمیان علیحدگی کی وجہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔ سائرہ اور شہروز کی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور اگست 2019 میں اس جوڑے کے درمیان علیحدگی اور پھر طلاق ہو گئی تھی۔
اس حوالے سے شہروز کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ حلفاً کہتے ہیں کہ ان کی اور سائرہ کی علیحدگی کی وجہ کوئی بھی عورت بشمول ان کی دوسری بیگم صدف کنول یا ان کی پہلی بیگم سے بےوفائی نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اور سائرہ نے کوشش کی کہ ان کا رشتہ نہ ٹوٹے لیکن جس انتہائی ذاتی بات پر علیحدگی ہوئی تھی وہ معاملہ حل نہیں ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ سائرہ کو طلاق نہیں دینا چاہتے تھے اس لیے سائرہ اور ان کا رشتہ مبارات یا خلع کے تحت بہت عزت و احترام کے ساتھ ختم ہوا۔
شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ وہ صدف کنول سے سائرہ یوسف سے علیحدگی کے چار ماہ بعد ملے تھے۔
خیال رہے کہ شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف ایک چھ سالہ بیٹی کے والدین ہیں۔
Comments are closed on this story.