Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فحش فلموں کا کیس ، شلپا شیٹی رو پڑیں

بولی وڈ میں شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کا کیس اہم موضوع بنا ہوا...
شائع 29 جولائ 2021 12:22am

بولی وڈ میں شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کا فحش فلموں کا کیس اہم موضوع بنا ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گھر پر چھاپے کے وقت بولی وڈ اداکارہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے روپڑیں ۔

رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے جانے کے بعد راج کندرا کو پہلی مرتبہ تحقیقات کے سلسلے میں گھر لایا گیا تو شلپا شیٹی کی شوہر سے تلخ کلامی ہوئی اور انہوں نے رونا شروع کردیا۔

شلپا کا کہنا تھا، ' ہمارے پاس سب کچھ تو تھا تو کیا ضرورت تھی یہ کرنیکی'

رپورٹس کے مطابق شلپا اپنے شوہر کو دیکھ کر روپڑیں اور بولیں کہ انکی فیملی کی بدنامی ہورہی ہے جبکہ انڈسٹری میں بھی انکے معاہدے منسوخ ہورہےہیں۔

جوہو میں شلپا کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران پولیس نے شلپا سے بھی چھ گھنٹے تک تفتیش کی تاہم تفتیش کے دوران انکو اس بات کے ثبوت نہیں ملے کہ شلپا بھی راج کندرا کیساتھ پورنوگرافی کے کاروبار میں شامل ہیں۔

اب تک پولیس شلپا سے دو مرتبہ اس حوالے سے پوچھ گچھ کرچکی ہے ، ایک مرتبہ تھانے میں جبکہ دوسری مرتبہ انکی جوہو میں رہائش گاہ پر۔

پولیس حکام کے مطابق راج کندرا تحقیقات میں کسی بھی قسم کا تعاون نہیں کررہے جبکہ ہائیکورٹ میں بھی اس نے اپنی گرفتاری کو چیلنج کررکھا ہے۔

دوسری جانب عدالت نے راج کندرا کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے اور ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر چودہ دن کیلئے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

کیس کے دوران انکے وکلاء کا کہنا تھا کہ مقدمے کے تمام ملزمان رہا ہیں، صرف راج کندرا کو ہی حراست میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی ضمانت منظور کی جائے کیونکہ انکے موکل پولیس سے تحقیقات میں تعاون کررہے ہیں ۔

تاہم عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے راج کندرا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

پولیس نے بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر رواج کندرا کو فحش فلموں کا گروہ چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

بولی وڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر کا شمار بھارت کی معروف کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔ انہوں نے سال 2009 میں شلپا شیٹی سے شادی کی تھی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے فحش فلمیں بنانے کے گروہ سے وابستہ کل 9 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ رواں برس فروری میں بھارتی اداکارہ ساگریکا شونا نے انکشاف کیا تھا کہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا فحش فلموں کا گروہ چلاتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل ممبئی پولیس نے ویب سائٹ پر فحش فلمیں اپلوڈ کرنے کے الزام میں ایک معروف اداکارہ سمیت نو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

اسی سلسلے میں ایک اور بھارتی اداکارہ ساگریکا شونا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ فحش فلمز بنانے کے سلسلے میں جس شخص کو پولیس نے گرفتار کیا ہے وہ مشہور بزنس مین راج کندرا کا اسسٹنٹ ہے، فحش فلمز بنانے کے پیچھے شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کا ہاتھ ہے لہٰذا انہیں بھی گرفتار کیا جائے۔