Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نور مقدم قتل کیس میں بڑی پیشرفت

نور مقدم قتل کیس کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، ملزم ظاہر...
شائع 27 جولائ 2021 09:19am

نور مقدم قتل کیس کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، ملزم ظاہر جعفر نے نور مقدم کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

ذرائع کے مطابق نور نے بھاگ کر جان بچانے کی کوشش کی اور گارڈ کے کیبن میں خود کو بند کرلیا تھا۔ ظاہر نے گارڈ کو دھکا دیکر نور مقدم کو کیبن سے نکالا۔ ملزم نورمقدم کو لیکر کمرے میں چلا گیا۔

پولیس نے واقعے کی مزید ویڈیوز بھی حاصل کرلی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقتولہ نور مقدم کی ملزم ظاہر جعفرکیساتھ رقص کی ویڈیو

اسلام آباد میں نور مقدم نامی لڑکی کو بے دردی سے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم ظاہر جعفر نے کہا ہے کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے.

ٹوئٹرصارف اینی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے ملزم کو عدالت میں پیشی کے بعد پولیس اہلکاروں کے گھیرے میں لےجایا جارہا ہے.

عدالت سے نکلتے وقت موقع پر موجود رپورٹرز کے قریب آتے ہوئے ملزم نے کہا "میری زندگی خطرے میں ہے".

پیشی کے موقع پر پبلک پراسیکیوٹر ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے پاس سے پستل برآمد کرلی گئی ہے تاہم پولیس موبائل ریکور کرانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے.

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے والدین اور دو گھریلو ملازمین کو جرم چھپانے کی وجہ سے ہفتے کو گرفتار کیا گیا.

عدالت نے ملزم ظاہر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں دو دن کی توسیع کردی.

دوسری جانب وفاقی حکومت نے نور مقدم کیس کے ملزم ظاہر جعفر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال رہے ہیں، ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے سمری کابینہ کو اسی ہفتے بھیجیں گے، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

کیس کے حوالے سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، نظام عدل میں تبدیلی کی ضرورت ہے، نورمقدم ہماری بچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس سپیڈی ٹرائل کریں ملزم کو سرعام سنگسارکیا جائے یا سب کے سامنے سزا دی جائے۔

Zahir Jaffer

Noor Mukadam case