Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اُمت کو چاہیئے ایک دوسرے سے شفقت کامعاملہ رکھے، خطبہ حج

عرفات:امام کعبہ شیخ بندربن عبدالعزیز نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ...
شائع 19 جولائ 2021 03:12pm

عرفات:امام کعبہ شیخ بندربن عبدالعزیز نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ اللہ زمین پر فساد کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا ،اُمت کو چاہیئے ایک دوسرےسےشفقت کامعاملہ رکھے۔

امام کعبہ شیخ بندربن عبدالعزیز نے میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے فرمایا میرے سوا کسی کو نہ پکارو اور کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ، رسول ﷺنے فرمایا، تم زمین والوں پر رحم کرو، اللہ تم پر رحم فرمائے گا، امت کو چاہیئے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو، اللہ کریم نے کہا میری رحمت میرے عذاب پر غالب ہے ،رسول ﷺنےفرمایا، جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہو گا۔

امام کعبہ نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ نے جیسے تم پر احسان کیا ویسے تم لوگوں پر کرو، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے، اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، اللہ کا حکم ہے کہ والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو، رسول ﷺنے فرمایا اپنے ملازمین کے ساتھ احسان کا معاملہ اختیار کرو، خادموں پران کی طاقت سے زیادہ بوجھ مت ڈالنا۔

شیخ بندربن عبدالعزیزنے مزید کہا کہ اللہ نے فرمایا اپنے حقوق اوروعدوں کو پورا کرو، تمارے لئے کتاب کو بھیجا گیا ہے تاکہ تم ہدایت پاؤ اور اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دے دیتا ہے، اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، اپنے رب کی ایسے عباد ت کرو جیسے اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔

امام کعبہ نے کہا کہ اللہ زمین پر فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو، آپس میں ہمدردی کے تعلقات قائم کرو اور عداوت و نفرت کو ختم کرو، معاشرے میں مساوات قائم کرو، اللہ کی رضا کیلئے ایک دوسرے کو معاف کرو۔

امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اللہ سے ڈرتے رہو اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرو اور اپنے وعدوں کو اللہ کی رضا کے لیے پورا کرو، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ شیطان تمہیں گمرا ہ کرنے کی کوشش کرے گا، اگر اللہ کا فضل نہ ہوتا تو سب شیطان کی ہی اتباع کرتے، رسول ﷺنےفرمایا، جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہو گا۔

امام کعبہ نے مزید کہا کہ احسان یہ ہے کہ گویا تم اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اسے دیکھ رہے ہو اور ایسا ممکن نہ ہو تو سمجھ لو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے، اللہ کا فرمان ہے جو بندہ اپنےنفس پر ظلم کرتاہے تو اس کیلئے توبہ کا دروازہ کھلا ہے، اللہ نے فرمایا اگر کسی علاقے میں طاعون پھیل جائے تو وہاں مت جاؤ اور وہاں کے لوگ باہر نہ نکلیں، تمام حجاج اپنے اپنے شہروں کیلئے دعا کریں، جب آپ دعا کرتے ہیں تو فرشتے فخر کرتے ہیں۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ نے بندوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ فرمایا، اللہ نے فرمایا میں نے تمہارے لئے دین کامل کردیا،ہمیں اللہ ہی کی عبادت کرنی چاہیئے جس کےسوا کوئی معبود نہیں،رسول کریمؐ آخری نبیؐ ہیں، اپنی نمازوں کی حفاظت کرو، بالخصوص نماز عصر کی، اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو اور تقویٰ و پرہیزگاری اختیار کرو، بےشک اللہ صبر کرنےوالوں کے ساتھ ہے اور اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔

دوسری جانب غروب آفتاب کے ساتھ عازمین میدان عرفات سے مزدلفہ کیلیے روانہ ہو جائیں گے،یہاں مغرب اور عشا کی نماز قصر کرکے نماز مغربین ادا کی جائے گی

حجاج کرام رات کھلے آسمان تلے عبادت میں گزاریں گے،عازمین نماز فجر کی ادائیگی کے بعد جمرات میں رمی یعنی سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔

عازمین اللہ کی راہ میں جانور کی قربانی کے بعدسرمنڈوا کر احرام کی حالت سے باہر آ جائیں گے۔

کورونا کی وبا کے باعث رواں سال 60ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں ،جن میں سعودی شہری اور سعودیہ میں ہی مقیم غیرملکی شامل ہیں۔

makka mukarrama