Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا پہلا مرحلہ جاری

مظفرآباد:آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا...
شائع 18 جولائ 2021 11:30am

مظفرآباد:آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا پہلا مرحلہ جاری ہے، جس کے تحت الیکشن ڈیوٹی پر مامور کئے گئے 27 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں ۔

آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کےانتخابات کیلئے 33حلقوں میں پولنگ کے پہلےمرحلےکاآغاز ہوگیا۔

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسروں کے دفتروں کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا ہے، الیکشن ڈیوٹی پر مامور تمام سرکاری ملازمین کو اپنے اپنے حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے قائم کئے گئے پولنگ اسٹیشن پر جا کر ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں انتخابی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے 27 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

اس طرح آزاد کشمیر کے 33 انتخابی حلقوں میں پولنگ ڈیوٹی پر مامور5114 پریزائیڈنگ آفیسر، 7336 پولنگ آفیسر اور 14672 پولنگ اسسٹنٹ اپنا اپنا ووٹ پول کررہے ہیں۔

دوسری جانب انتخابات کے دوران سیکیورٹی اور امن وامان کو قائم رکھنے کیلئے تعینات کئے گئے پولیس اہلکار متعلقہ ایس ایس پی کی جانب سے فراہم کی گئی فہرست کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپر حاصل کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ سرکاری ملازمین کے ووٹ 25 جولائی کے الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی کے دوران شمار کیے جائیں گے۔

آزاد کشمیر کے الیکشن میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی

آزاد کشمیر کے الیکشن میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، بڑی سیاسی جماعتوں کے بڑے رہنما ءآج انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مریم نواز کے بعد وزیراعظم عمران خان اور آصفہ بھٹو نے بھی انٹری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان آج بھمبر اور میر پور میں جلسہ سے خطاب کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن پھر کشمیر مں بڑے جلسے کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

مریم نواز پہلے 3 بجے دیر کوٹ اور پھر 5 بجے باغ پہنچیں گی، مریم نواز انتخابی جلسوں میں عمران خان کا جواب بھی اپنی تقریروں میں دیں گی ۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ءیوسف رضا گیلانی لیپہ میں پیپلزپارٹی کے جلسہ سے خطاب کریں گے،جلسوں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

Election

Polling

Muzaffarabad

azad kashmir assembly