Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

روس کی حیران کن طور پر امریکا کو فضائی اڈوں کی مبینہ پیشکش

روس نے حیران کن طور پر امریکا کو وسطی ایشیائی ممالک میں واقع ...
شائع 18 جولائ 2021 09:01am

روس نے حیران کن طور پر امریکا کو وسطی ایشیائی ممالک میں واقع اپنے فضائی اڈے استعمال کرنے کی پیشکش کی ہے۔ جس کے بعد کے بعد امریکا کے لیے افغانستان پر نظر رکھنا ممکن ہوسکے گا۔

عالمی نشریاتی اداروں نے ایک روسی اخبار ( Kommersant) کے توسط سے انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی صدر جوبائیڈن کو خود جون میں ہونے والی ملاقات کے دوران روسی فضائی اڈوں کو استعمال کرنے کی پیشکش کی تھی۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا سے کہا گیا تھا کہ وہ کرغزستان اور تاجکستان میں روسی فضائی اڈے استعمال کرسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق روس نے مبینہ طور پر فضائی سرویلنس کا ڈیٹا دینے کی بھی پیشکش کی تھی۔

واضح رہے کہ روس اور امریکا گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے شدید اور بدترین مخالف ہیں، لیکن اس کے باوجود مبینہ طور پر کی گئی اس پیشکش نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

یہاں اس بات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے کہ ابھی چند روز قبل ملٹری ڈاٹ کام کے مطابق ماسکو کی جانب سے باقاعدہ واشنگٹن کو متنبہہ کیا گیا تھا کہ روس، افغانستان کے قریب واقع وسطی ایشائی ریاستوں میں امریکی افواج کی موجودگی کے سخت خلاف ہے۔

روس کی جانب سے فضائی اڈوں کے استعمال کی پیشکش اس وقت منظر عام پر آئی ہے کہ جب افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا بڑی حد تک انخلا ہو چکا ہے اور افغان طالبان کی پیش قدمی میں بہت زیادہ تیزی دکھائی دے رہی ہے۔

Vladimir Putin

Joe Biden

US