Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا: سندھ میں اسکولز، تفریحی مقامات اور انڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ

کراچی :سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتےکیسز کے باعث کراچی سمیت صوبے...
شائع 14 جولائ 2021 02:49pm

کراچی :سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتےکیسز کے باعث کراچی سمیت صوبے بھرمیں نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کرلیا ،سندھ میں اسکولز ، تفریحی مقامات اورریسٹورنٹس میں انڈورڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کوویڈ ٹاسک فورس کااجلاس ہوا، وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی، جس میں صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہونے سے متعلق مراد علی شاہ کو آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کراچی میں نئے کیسز کی شرح 17.11 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو کافی خراب صورتحال ہے۔

صوبائی کووڈ ٹاسک فورس کے اجلاس میں عالمی وبا ءکورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اہم فیصلے کرلئے گئے جبکہ اجلاس میں وبا ءکی روک تھام کیلئے نئی پابندیاں لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں کیسز بڑھنے پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سخت احکامات کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی کوویڈ ٹاسک فورس کے اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ کو کل رات سے بند کرنے کے احکامات دیئے۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ کرتے ہوئے اسکولوں میں کلاس اول سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسوں میں تدریسی عمل جمعہ سے بند کرنے کی ہدایت کی جبکہ نویں کلاس اور اس سے زائد تعلیمی ادارے سوائے امتحانات کے بند کردیئے جائیں گے۔

اجلاس میں تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے، کینجھر جھیل سنیما ، انڈور جمز اور انڈور کھیل سمیت دیگر تفریحی مقامات کو بھی جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی، کور فائیو اور رینجرز کے نمائندے شریک ہوئے۔

coronavirus

CM Sindh

Murad Ali Shah

karachi

sindh govt

Schools

Corona Task Force

indoor dining