Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی امین گنڈا پور کے بیان پر سینیٹ میں اپوزیشن کا احتجاج

اسلام آباد:سینیٹ میں اپوزیشن کی جانب سے وفاقی وزیر برائے امور...
شائع 14 جولائ 2021 01:08pm

اسلام آباد:سینیٹ میں اپوزیشن کی جانب سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کے بیان پر شدید احتجاج کیا گیا۔

سینیٹ کے اجلاس میں آج پھر بھرپور ہنگامہ ہوا،تحریک انصاف کے رہنماء علی امین گنڈا پور کے بیان پر اپوزیشن سراپا احتجاج بنی رہی۔

سینیٹر رضا ربانی نے ایوان میں بدکلامی کی سرکار، غنڈا گردی کی سرکار نہیں چلے گی کے نعرے لگوا دیئے ،بعد میں معذرت بھی کر لی۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پوری مسلم امہ کو ایک پلیٹ فام پر جمع کیا اور یہ انہیں غدار کہہ رہے ہیں، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والی سیاست تباہی کی طرف لے جائے گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنماء مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کل اس بدزبان حکومت کے بدزبان وزیر نے بھٹو صاحب کو غدار کہا، یہ تصادم کی نئی راہ کھول رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ بھٹو ایٹمی پروگرام لائے، اس لئے غدار ہے؟ زبان درازی کی حد ہوتی ہے، یہ کون ہوتے ہیں غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے۔

مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومتی وزیر نے بھٹو، نوازشریف اور مریم نواز کے لیے جو زبان استعمال کی اس پر انہیں شرم آنی چاہیئے۔

سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابا اور احتجاج کیا۔

شہزاد وسیم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے کشمیر کے انتخابی جلسوں میں نامناسب زبان استعمال کی، اپوزیشن ارکان نے اپنی روش نہ بدلی تو حکومتی سینیٹرز کو روکنا مشکل ہو جائے گا، اپوزیشن کی قیادت بھی اپنے نامناسب بیانات پر معافی مانگے۔

ان کا کہنا تھا میں عمران خان کا سپاہی ہوں، شور شرابے اور احتجاج سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن اراکین کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ طریقہ ٹھیک نہیں ہے، آپ کو موقع دیا جائے گا آپ اپنی باری پر جواب دیجیے گا۔

opposition

اسلام آباد

protest

Chairman Sadiq Sanjarani

Ali Ameen gandapur