Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین لگوانے والے انوکھی اعصابی بیماری میں مبتلا ہونے لگے

امریکا میں ادویات کے ریگولیٹری ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن...
شائع 13 جولائ 2021 10:33am

امریکا میں ادویات کے ریگولیٹری ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے جانسن اینڈ جانسن کورونا ویکسین کے انتباہی لیبل کو اپڈیٹ کیا ہے جس میں انوکھی اعصابی بیماری گیلین بیر سنڈروم میں مبتلا ہونے کے خطرے میں اضافے کی معلومات شامل کی گئی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے "فرانس 24" میں شائع اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ ویکسین کی خوراکیں لینے والے 100 افراد میں گیلین بیر سنڈروم کی تشخیص ہوئی۔ جن میں سے 95 افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت ہے جبکہ ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

گیلین بیر سنڈروم ایک اعصابی بیماری ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام اعصابی خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جو پٹھوں کی کمزوری اور بہت سے سنگین کیسز میں فالج کا بھی سبب بن سکتا ہے۔

امریکہ میں یہ مرض ہر سال 3000 سے 6000 افراد کو متاثر کرتا ہے اور بہت سے مریض اس سے شفایاب بھی ہو جاتے ہیں۔

نئے انتباہی لیبل کے مطابق، 'زیادہ تر افراد میں ویکسین کی خوراک لینے کے 42 دنوں کے بعد علامات ظاہر ہوئیں اور ایسا ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔'

اگر کسی کو کمزوری یا جسم کے حصے خصوصاً ہاتھ اور پیر سُن ہوتے محسوس ہوں تو اسے فوراً طبی امداد کے لیے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ یہ حالت بگڑ بھی سکتی اور جسم کے دیگر حصوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔

چلنے پھرنے میں مشکل، بولنے، چبانے اور نگلنے میں مسئلہ، دہرا دکھائی دینا، یہ وہ علامات ہیں جن کے ظاہر ہونے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف ڈی اے امراض کی روک تھام اور بچاؤ کے سینٹر کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے اور (ویکسین کے) فوائد کے ساتھ ساتھ اس سے لاحق ہونے والے خطرات کا بھی تعین کر رہا ہے۔

کورونا ہی نہیں بلکہ موسمی انفلوئزا اور جِلدی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین کے استعمال کے بعد بھی گیلین بیر سنڈروم کی شکایت سامنے آئی تھی۔ لیکن ابھی تک موڈرینا اور فائزر بائیو این ٹیک ویکسینز میں اس سے ملتی جلتی کوئی علامت سامنے نہیں آئی ہے۔

Pfizer

BioNTech

covid vaccine

JOHNSON & JOHNSON

Moderna vaccine