Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے 5برس بیت گئے

کراچی: بابائے خدمت،انسانیت کے خادم اور عالمی شہرت یافتہ سماجی...
شائع 08 جولائ 2021 11:20am

کراچی: بابائے خدمت،انسانیت کے خادم اور عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے 5برس بیت گئے، انہیں خدمات کے اعتراف میں کئی ملکی اور عالمی اعزازت سے بھی نوازاگیا ۔

عبدالستار ایدھی نے دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولینس سروس قائم کی،یتیموں کی پرورش اور لاوارثوں کی کفالت کی، قدرتی آفات اور حادثات میں فوری مدد کو پہنچنے والے عبدالستار ایدھی 5 سال قبل آج کے روز دنیائے فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

عبدالستار ایدھی28فروری 1928ء میں بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد 1947میں اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔

عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی کے 65برس دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارے جس کا آغاز انہوں نے 1951 میں ایک ڈسپنسری قائم کرکے کیا۔ ایدھی صاحب نے اسپتال اور ایمبولینس خدمات کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن نے کلینک، زچگی گھر، معذوروں کیلئے گھر، بلڈ بینک، یتیم خانے، لاوارث بچوں کو گود لینے کے مراکز، پناہ گاہیں اور اسکول قائم کیے جو آج بھی عوامی خدمت کررہے ہیں۔

ایدھی صاحب کی قائم کردہ ایدھی فاؤنڈیشن آج بھی دنیا کےکئی ممالک میں انسانیت کی خدمت کے فرائض سرانجام دےرہی ہے۔

سن 1980 کی دہائی میں حکومت پاکستان نے انہیں نشان امتیاز سے نوازا جبکہ پاک فوج نے انہیں شیلڈ آف آنر کا اعزاز دیا اور1992 میں حکومت سندھ نے انہیں سوشل ورکر آف سب کونٹی ننیٹ کا اعزاز دیا۔

بین الاقوامی سطح پر 1986 میں عبدالستار ایدھی کو فلپائن نے رومن میگسے ایوارڈ دیا اور 1993 میں روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے انہیں پاؤل ہیرس فیلو دیا گیا۔

بابائے خدمت 8 جولائی 2016 کو گردوں کے عارضے میں مبتلا ہوکر 88 برس کی عمر میں جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے جن کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔

karachi

Death Anniversary