پاکستان کارڈف میں انگلینڈ کیخلاف ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھ سکے گا؟
کارڈف:پاکستان کرکٹ ٹیم کارڈف میں انگلینڈ کیخلاف ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھ سکے گی؟
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ون ڈے کا میدان آج سے کارڈف میں سج رہا ہے جس سے قبل گرین شرٹس نے آخری تیاریوں کے طور پر گزشتہ روز بھرپور ان ڈور ٹریننگ سیشن کیا۔
پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن بائیں ہاتھ کے بیٹسمین حارث سہیل ان فٹ ہونے کی وجہ سے میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
اگر انگلینڈ ٹیم کی بات کریں تو انگلش کیمپ میں صورتحال اب 2 دن پہلے والی نہیں ہے، 3 کھلاڑیوں کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے انگلش کرکٹ بورڈ نے پوری ٹیم کو آئسولیشن میں بھیج دیا اور 9 نئے کھلاڑیوں پر مشتمل 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے سُپر د کی گئی ہے۔
انگلش کپتان اس سیریز میں پاکستان سے مقابلہ کرنے اور اُسے جیتنے کیلئے پُرعزم ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں کی تیسری کووڈ ٹیسٹنگ بھی ہو ئی جبکہ تینوں ٹیسٹ کی منفی رپورٹ والے کرکٹرز کو ہی میچ کھیلنے کی اجازت ملے گی۔
اگر ریکارڈ پر نظرڈالیں تو کارڈف میں کھیلے گئے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچز میں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔
قومی ٹیم نے کارڈف میں میزبان ٹیم کیخلاف 3 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جس میں2 میچز پاکستان نے جیتے جبکہ ایک مقابلے کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔
واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگا۔
Comments are closed on this story.