Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

دلیپ کمار کاانتقال: وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی کا اظہار افسوس

اسلام آباد:کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے برصغیر کے مایہ ناز...
شائع 07 جولائ 2021 12:58pm

اسلام آباد:کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے برصغیر کے مایہ ناز اداکار اوربالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

دلیپ کمار کے انتقال پر پاکستان میں بھی دکھ کا اظہار کیا جارہاہے،وزیراعظم عمران خان اورصدرمملکت عارف علوی نے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو ایک عظیم اور بہترین انسان قرار دیاجبکہ دیگر سیاسی رہنما ءبھی نامور اداکار کے انتقال پر غمزدہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا دلیپ کمارکی وفات پراظہار افسوس

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے بھارتی اداکار دلیپ کمارکی وفات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمارکےانتقال کا سن کربہت رنج ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دلیپ کمارلیجنڈری اداکاراوربہترین شخصیت تھے، شوکت خانم اسپتال کی چندہ مہم میں دلیپ کمارنےتعاون کیا، پہلے 10فیصد فنڈز اکٹھا کرنا سب سے مشکل وقت تھا، دلیپ کمارکےتعاون سے رقم اکٹھی کرنے میں مدد ملی، دلیپ کمار کی فیاضی کو کبھی نہیں بھول سکتا۔

صدرمملکت عارف علوی کا دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار

صدر مملکت عارف علوی نےبھارتی اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ مرحوم بہترین اداکار، عاجزانسان اور عظیم شخصیت تھے،اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا بھارتی اداکار دلیپ کمار کی وفات پراظہار افسوس

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے بھارتی اداکاردلیپ کمار کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتےکہا کہ دلیپ کمارایک عہد سازفنکار تھے،ان کا متبادل ممکن نہیں، ملاقاتوں میں بھی یوسف خان کوایک سحرانگیز شخصیت پایا۔

دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے ایک سنہری عہد کا تمام ہونا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دلیپ کمارکی وفات فلمی دنیا کے ایک سنہری عہد کا تمام ہونا ہے ،بھارتی فلم نگری میں یوسف خان بن کر جانے والے کو دلیپ کمارکی غیر معمولی شہرت نے بام عروج پرپہنچایا، جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے دلیپ کمارکا نام دلوں کی دھڑکن ہے۔

شہباز شریف کا دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار

مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے دلیپ کمارکے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کا یوسف خان بالی ووڈ میں دلیپ کمار بن کر فن کے آسمان پر برسوں چھایا رہا اور آج لیجنڈ کی صورت دنیا سے رخصت ہوا۔

شہباز شریف نے یوسف خان کے فنی سفر کو فلمی دنیا کا یادگار ترین دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار کی پاک، بھارت تعلقات کیلئے کوششیں ان کی امن پسندی کا مظہر تھیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا بھی دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار فنِ اداکاری کا ایک عہد تھا جو تمام ہوا۔

فن کیلئے دلیپ کمار کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،گورنر پنجاب

گور نر پنجاب چوہدری سرور نے گلاسکو مسجد کے دورے کی دلیپ کمار کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور کہا کہ فن کیلئے دلیپ کمار کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےبھارتی اداکار دلیپ کمارکے انتقال پردکھ اورافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمارکے انتقال سے فلم انڈسٹری کےایک عہد کا خاتمہ ہوا ۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے لیجنڈ اداکار دلیپ کمارکے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال سے فلمی دنیا کا ایک سنہرا باپ بند ہوگیا ،مرحوم یوسف خان اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے، اداکاری کے شعبے میں مرحوم کی خدمات اور کامیابیوں کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا ۔

عوام دلیپ کمار کوہمیشہ یاد رکھیں گے،کامران بنگش

معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخواکامران بنگش نے کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار نے ہمیشہ پشاور کی محبت کو سینے سے لگائے رکھا،عوام بھی انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

دلیپ کمارحقیقت میں ایک بڑے اداکار اور انسان تھے،فیصل جاوید

سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ اللہ پاک یوسف خان کے درجات بلند فرمائیں،وہ حقیقت میں ایک بڑے اداکار اور انسان تھے،ان کےاندازاداکاری نے نسلوں تک اس فن سےوابستہ افراد کومتاثرکیا، دلیپ کمارکئی ایک سماجی اورخیراتی سرگرمیوں کا بھی حصہ رہے ۔

pm imran khan

اسلام آباد

death

condemns

President Arif Alvi

Indian Actor

Dilip Kumar